لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔تیز رفتار موٹر سائیکل پر سوار تین نوجوان بے قابو ہوکر بدھ کی رات ڈیوائڈر سے ٹکرا گئے۔
زور دار ٹکر ہونے سے تینوں گر گئے اور شدید طور سے زخمی ہو گئے۔مقامی لوگوں نے کسی طرح سے انہیں ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں دو نوجوانوں کی موت ہو گئی جبکہ ایک کی حالت نازک ہے۔ دوسری جانب سلطانپور روڈ پر ایک لاوارث خاتون گاڑی کی زد میں آگئی جس سے اس کی موت ہو گئی۔ ٹھاکر گنج کے بالا گنج میں رہنے والا ۲۱ سالہ منوج اپنے دو دوست راہل (۲۲) اور ونیت (۲۴) کے ساتھ بدھ کی رات تقریباً ۱۰ بجے دوبگا سے بالا گنج کی طرف اپاچے موٹرسائیکل سے جا رہا تھا۔
وہ تینوں جب بالا گنج چوراہے کے پاس بینک آف بڑود ا کے سامنے پہنچے تبھی ان کی موٹر سائیکل کی رفتارتیز ہونے کے سبب بے قابو ہو گئی اور ڈیوائڈ رسے ٹکرا گئی۔ ڈیوائڈر سے ٹکر ہونے سے تینوں گر گئے اور بری طرح زخمی ہو گئے۔ مقامی لوگوں نے انہیں کسی طرح سے ٹراما سینٹر میںداخل کرایا جہاں دوران علاج راہل اور منو ج نے دم توڑ دیا جبکہ ونیت کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ منو ج کسی پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت کرتا تھا اور راہل کالی چرن ڈگری کالج میں ایم کام سال دوم کا طالب علم تھا۔
دوسری جانب گوسائیں گنج کے صدر پور کرورا گاؤں کے نزدیک جمعرات کی صبح ۵۵ سالہ لاوارث خاتون سڑک پار کرتے وقت کسی نامعلوم گاڑی کی زد میں آگئی جس سے اس کی موت ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفیہ دماغی طور سے کمزور تھی اور مانگ کا ا پنا پیٹ پالتی تھی ۔