کولکتہ۔ مسلسل چھٹی کامیابی کے ساتھ پلے آف میں جگہ بنانے والے کولکاتا نائٹ رائڈرس آئی پی ایل کے میچ میں کل سنراجرس حیدرآباد سے کھیلیں گے تو ان کی نظریں ٹاپ دو میں جگہ بنانے پر ہوگی۔دو سال پہلے والا کرشمہ دہرا رہی کے کے آر نے دو بار کی سابق چمپئن چنئی سپر کنگز اور ستاروں سے آراستہ رائل چیلنجرز بنگلور کو شکست دی ۔اب اس کی نظریں سنراجرس حیدرآباد کو شکست دے کر ریکارڈ مسلسل ساتویں جیت درج کرنے پر ہوگی جبکہ حیدرآباد اس میچ کو جیت کر پلے آف کی امیدیں برقرار رکھنا چاہے گا۔ حیدرآباد نے 186 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کل چنئی کو دو گیند باقی رہتے چھ وکٹ سے شکست دی۔
کے کے آر کے شاندار فارم کے محرک رابن اتھپا رہے ہیں جو انگلینڈ کے دورے کیلئے ٹیم میں انتخاب کے اہم
دعویدار ہیں۔وہیں اسپنر سنیل نارائن مسلسل کے کے آر کا ٹرپ کارڈ نمبر ون بنے ہوئے ہیں۔ دونوںکے کے آر کی بلے بازی اور گیند بازی کی ریڑھ ہیں لیکن ثاقب الحسن ، ریان ٹین ڈوشے ، یوسف پٹھان ، امیش یادو اور کپتان گوتم گمبھیر کے تعاون کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ مسلسل چار شکست کے ساتھ شروعات کرنے والی کے کے آر نے ٹورنامنٹ کے ہندوستان لوٹنے کے بعد فارم میں واپسی کی۔ بنگلور کو کل اس نے 196 رن کا ہدف دیا اور وراٹ کوہلی کی ٹیم 30 رن سے پیچھے رہ گئی۔ اتھپا نے 51 گیند میں 83 اور ثاقب نے 38 گیند میں 60 رن بنائے ۔ٹورنامنٹ میں پانچویںنصف سنچری جماکر وہ گلین میکسویل کو پچھاڑکر اورینج کیپ کے حقدار ہو گئے ہیں۔ نارائن نے کوہلی ، یوراج اور اے بی ڈی ولئرس کو آؤٹ کر کے آرسی بی کے چار وکٹ صرف 20 رن پر اکھاڑ دیے۔ اتھپا نے 13 میچوں میں 572 رنز بنا کر اورینج کیپ حاصل کی تو نارائن 20 وکٹ لے کر بھونیشور کمار کے ساتھ پرپل کیپ کے حقدار بن گئے ہیں۔سنراجرس حیدرآباد کا ڈیوڈ وارنر سے اننگ کی شروعات کرنے کا فیصلہ درست ثابت ہوا جس کی بدولت اس نے مسلسل تین میچوں کی شکست کا سلسلہ توڑ کر بنگلور اور چنئی کو شکست دی۔وارنر نے دونوں میچوں میں نصف سنچری بنائی اور دوسری نصف سنچری 200 کی اسٹرائک ریٹ سے بنایا۔ وہ اب تک 13 میچوں میں 524 رنز بنا چکے ہیں اور سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں میکسویل کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔ شکھر دھون نے بھی مسلسل دو نصف سنچری لگائی ہیں۔ایڈن کی ٹرن لیتی وکٹ پر حیدرآباد کی تشویش کا سبب اسپن گیند بازی ہوگی جو ناتجربہ کار لگ رہی ہے۔ کرن شرما اور پرویز رسول اسپن کا ذمہ ہوںگے چونکہ مہنگے ثابت ہونے کی وجہ سے امت مشرا باہر ہیں۔حیدرآباد اگر جیت جاتاہے تو بھی اس کا پلے آف میں جانا باقی دو میچوں کے نتائج پر انحصار کرے گا۔کے کے آر اگر اوپر دو میں رہتا ہے تو اسے 27 مئی کوالیفائر اپنے گھریلو میدان ایڈن پر کھیلنے کا موقع ملے گا۔