بارہ بنکی (نامہ نگار)میونسپل بورڈ انتظامیہ کے ذریعہ شہر کے لوگوں کو صاف سڑکیں اور بہتر ماحول حاصل ہو۔
اس کیلئے غیر قانونی قبضہ ہٹانے کی مہم سختی سے شروع کی گئی ہے۔ ایگزیکٹیو افسر کی قیادت میں آج سے صفائی مہم کا آغاز کیا گیا ۔ اس سلسلے میں ریلوے اسٹیشن ومچھلی بازار سے جے سی بی مشین اور بلڈوزر کے ذریعہ غیر قانونی دکانیں اور گومٹیوں کو ہٹانے کی کارروائی شروع کی گئی۔ چیئر مین میونسپل رنجیت بہادر شریواستو نے کہا کہ غیر قانونی قبضہ کے تحت شہر کے حالات بد سے بدتر ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے عام آدمی پریشا ن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو برسوں میں میونسپل بورڈ کو انتظامیہ کی جانب سے پولیس املاک مہیا نہ کرانے کی وجہ سے میونسپل بورڈ ٹیم کو مشکلات پیش آتی رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزارت داخلہ سے تحریری شکایات کی جائے اگر اس کے باوجود مدد نہیں کی گئی تو عوامی تعاون کے ذریعہ غیر قانونی قبضہ ہٹایا جائے گا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ غیر قانونی قبضہ کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
مسٹر شریواستو نے کہا کہ دھنوکھر سے لیکر گھنٹہ گھر تک لگنے والے سٹی بازار کیلئے ضلع انتظامیہ سے تعاون ملا تھا۔ لیکن پولیس عملے کے نہ ہونے کی وجہ سے بورڈ انتظامیہ کی ٹیم کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جن ٹھیلوں کے لائسنس نہیں ہیں ان کے خلاف آج سے ہی کارروائی شروع کردی جائے گی۔ اس سلسلے میں انہوں نے صفائی ملازمین کے خلاف ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کوڑا جلانے والے ملازمین کو بخشا نہیں جائے گا۔دوسری جانب میونسپل بورڈ انسپکٹر کمل نے بتایا کہ کوڑا جلانے کے معاملے میں گھنٹہ گھر پر تعینات صفائی ملازمہ شیلا کو برخاست کردیا گیا۔