لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اترپردیش میں پارلیمانی انتخابات نتائج آنے کے بعد سے جائزہ کے دور سے گزر رہی سماج وادی پارٹی کے اراکین اسمبلی نے بھی آج پارٹی قیادت کے سامنے پارٹی کی شکست کے اسباب پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے پورے منصوبہ کے تحت مخصوص طبقہ کے ووٹوں کواپنے حق میں کرایا۔ سماج وادی پارٹی کے ریاستی دفتر پر طلب کئے گئے جلسہ میں پارٹی سربراہ نے اراکین اسمبلی کو کھل کر بولنے کا موقع دیتے ہوئے شکست کی وجہ پوچھی۔ جلسہ میں وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو سمیت دیگر لوگ موجود تھے۔ اراکین اسمبلی نے فرقہ وارانہ طور پر تقسیم کو شکست کی اصل وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ مرکز میں یو پی اے حکومت کی مہنگائی اور بدعنوانی سے پریشان متبادل چاہتے تھے جسے تیسرے محاذ کی پارٹیاں نہیں دے سکیں۔ جلسہ میں اراکین اسمبلی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اور شیو پال یادو کے علاوہ کوئی بھی وزیر عوام کے کاموں پر توجہ نہیں دیتا ہے۔ جلسہ میں
کئی اراکین اسمبلی نے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا کہ حکومت کی کچھ اسکیموں کے سلسلہ میں بی پی اور آر ایس ایس نے عوام کے درمیان غلط فہمی پھیلائی۔ اراکین اسمبلی نے کہا کہ مخالفین نے قبرستانوں کی چہار دیواری اور ہماری بیٹی اس کا کل اسکیم کی تشہیر ایک طبقہ کے درمیان کی۔ اراکین اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ ان اسکیموں کے بجٹ کو بڑھاکر اس میں سبھی طبقوںکو شامل کیا جائے۔