ممبئی۔آئی پی ایل پلے آف میں جگہ نہ بنانے پر مایوس راجستھان رائلس کے مین
ٹر راہل دراوڑ نے کہا کہ ان کے گیند باز دلچسپ مقابلے میں حکمت عملی پر عمل نہیں کر سکے ۔وانکھیڑے اسٹیڈیم پر میچ کے بعد ندوستان کے سابق کپتان نے کہا اس طرح کا نتیجہ مایوس کن ہے لیکن ممبئی کو کریڈٹ دیا جانا چاہئے ۔ 14 ۔ 3 اوور میں 195 رن بنانا واقعی بڑی کامیابی ہے ۔یہ اچھی وکٹ تھی لیکن ہم حکمت عملی پر عمل نہیں کر سکے ۔ہم نے درست سمت میں بولنگ نہیں کی ۔ دراوڑ کے مطابق دو اوور سے بھی کم وقت میں میچ ممبئی کے حق میں چلا گیا ۔آدتیہ نے جیمز فاکنیر کو چھکا لگا کر ٹیم کو پانچ وکٹ سے جیت دلائی ۔ دراوڑ نے کہا ان کے پاس کوری اینڈرسن کے طور پر شاندار فارم میں چل رہا بلے باز تھا جس نے 44 گیند میں ناٹ آئوٹ 95 رن بنائے ۔ ہم اگر فی اوور 7 ۔ 8 یا 10 رن بھی دیتے تو جیت سکتے تھے لیکن وہ ہر اوور میں 15 ۔ 16 رن بناتے رہے ۔انہوں نے کہا ممبئی کے کپتان روہت شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد جب امباتی رائیڈو اور اینڈرسن کریز پر تھے ، ہم نے اس وقت 12 ۔ 15 گیند کے اندر اندر 50 رن دے ڈالے ۔ ہم بہتر گیند بازی کر سکتے تھے ۔ اینڈرسن نے کہا ہم جانتے تھے کہ ہمیں کیا چاہیے ۔میں خوش ہوں کہ میں کچھ کردار ادا کر سکا ۔رائیڈو بھی کریز پر آئے اور جارحانہ ہو گئے اور آخری گیند میں آدتیہ نے اچھا کیا ۔ نیوزی لینڈ کے بلے باز نے کہا بات یہ ہے کہ جب آپ چیزوں کو پیچیدہ کر لیتے ہو تو آپ مشکل میں پڑ جاتے ہو ۔ لوگوں نے محسوس کرنا شروع کر دیا کہ ہمارے پاس موقع ہے اور میں آخر تک کریز پر ڈٹے رہنا چاہتا تھا ۔اس سے بہتر اور کچھ نہیں ہو سکتا تھا ۔ممبئی کے ناظرین ناقابل یقین ہیں ۔ مجھے اب یہاں گھریلو احساس ہوتا ہے ۔