کانپور (نامہ نگار)تھانہ گووند نگر علاقہ میں ایک تاجر کو گولی مارکر شدید طورسے زخمی کردیا۔ لیکن مقامی لوگوں نے تاجر کو اسپتال لے جانے کی زحمت گوارہ نہیں کی۔
تاجر سڑک پر زخمی حالت میں تڑپتا رہا۔ اسی دوران کچھ لڑکوں نے زخمی تاجر کو اسپتال میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچ کر تاجر کے اہل خانہ نے اسپتال میں ہنگامہ کردیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر لوگوں کو سمجھایااور کارروائی کی یقین دہانی کراتے ہوئے تاجر کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔موصولہ خبر کے مطابق ونوبا نگر کا باشندہ پرشانت گپتا(۳۵)پیشے سے پراپرٹی ڈیلر تھااوراسٹیٹ بینک کوآپریٹوکمیٹی کے سکریٹری کے عہدہ پر فائز تھے۔ ان کی بیوی سیما نے بتایا کہ پرشانت گپتا معمول کے مطابق
بذریعہ کارآفس جارہے تھے۔اسی دوران دوموٹرسائیکلوں پر سوار چارلوگوں نے انہیں گولی ماردی۔
بتایا جارہاہے کہ حملہ آوروں کے ساتھ ایک شخص جو پٹھانی سوٹ پہنے ہوئے تھا اس نے بدمعاشوں کو گولی مارنے کا اشارہ کیا تھا۔گولی لگنے کے بعد زخمی ہوکر پرشانت گپتا سڑک پر گرگئے لیکن مقامی لوگوں نے انہیں اسپتال میں داخل نہیں کرایا اسی دوران کوچنگ کے کچھ طلباء میں سے ایک سورج سنگھ چندیل نے پرشانت گپتا کو ہیلیٹ اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے پرشانت گپتا کو مردہ قراردے دیا۔ اس واردات سے پورے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔اطلاع ملنے کے بعد اہل خانہ نے اسپتال میں ہنگامہ شروع کردیا۔اسپتال میں پہنچنے کے بعد ایس ایس پی مشرانے اہل خانہ کو سمجھاتے ہوئے کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔