لکھنؤ(نامہ نگار)غازی پور علاقہ میں رہنے والے ایک کاسٹمیٹک دکاندار نے بیماری سے پریشان ہو کر اپنی جان دے دی۔وہیں بنتھرا علاقہ میں بھی پیٹ کی بیماری سے پریشان ایک نوجوان نے خودکشی کر لی۔ ایس او غازی پور نوویندر سنگھ سروہی نے بتایا کہ اندرا نگر کے سیکٹر ۱۱ کے رہنے والے باسودیو کی بھوت ناتھ مارکیٹ میں کاسمیٹک کی دکان تھی۔ باسودیو کچھ وقت سے دماغی طور سے بیمار چل رہا تھا اور اس کا علاج بھی ہو رہا تھا۔ بتایاجاتا ہے کہ دوشنبہ کی صبح باسودیو نے اپنے گھر کے باتھ روم میں پلاسٹک کی رسی کے سہارے لٹک کر اپنی جان دے دی۔ باسودیو جب کافی وقت کے بعد بھی باتھروم سے باہر نہیں نکلا تو کنبہ کے لوگوں نے دروازہ کھٹکھٹایا۔ اندر سے جب کوئی جواب نہیں ملا تو کنبہ کے لوگوں نے باتھروم کا دروازہ توڑ دیا۔ باتھروم کے اندر باسودیو کی لاش لٹک رہی تھی۔ کنبہ کے لوگوں نے لاش کو نیچے اتارا ۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر غازی پور پولیس بھی پہنچ گئی۔ تفتیش کے بعد پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج
دیا۔ باسودیو کے کنبہ میں بیوی اور دو بچے ہیں۔
وہیں بنتھرا کے گڑواگاؤں کے رہنے والے ۲۲سالہ راہل لطیف نگر میں اپنے ایک رشتہ دار بھولا کے گھر رہتا تھا بتایاجاتا ہے کہ اتوار کی شام گھر میں راہل تنہا تھا اسی درمیان اس نے گھر میں لگی دھنی میں دوپٹے کے سہارے لٹک کر اپنی جان دے دی۔ کچھ وقت بعد جب گھر کے لوگ واپس لوٹے تو ان کو راہل کی لاش لٹکتی ہوئی ملی۔ اطلاع پاکر موقع پر بنتھرا پولیس بھی پہنچ گئی۔ تفتش کے بعد پولیس نے راہل کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ راہل پیٹ کی بیماری سے پریشان تھا اور اسی کے سبب اس نے اپنی جان دے دی ہے۔