لکھنؤ(نامہ نگار)چنہٹ کے اپٹران علاقے میں اپولو ٹائر گودام میں گذشتہ ۲۳مئی کو لوٹ نہیں بلکہ چوری ہوئی تھی۔ پولیس نے اس واردات کا راز فاش کرتے ہوئے گودام کے گارڈ ، سپروائزر اور ڈرائیور کو گرفتار کیا ہے پولیس نے ان لوگوں کے قبضے سے چوری کئے گئے ۳۱ٹائر بھی برآمد کئے ہیں۔
ایس پی گومتی پار حبیب الحسن نے بتایا کہ ٹھاکر گنج کے رہنے والے سچن چوپڑا کے اپٹران علاقہ میں واقع ٹائر گودام سے ۴۱؍اپولو کمپنی کے ٹائر غائب ہو گئے تھے گودام کے گارڈ سنجے تیواری نے بتایا تھا کہ اسلحوں سے لیس بدمعاشوں نے اس کو یرغمال بنا کر گودام سے ٹائر لوٹ لئے تھے۔ گارڈ کے بیان کو شروع سے ہی پولیس متضادبتا رہی تھی۔ یہاں تک کہ گودام کے مالک نے بھی گارڈ پر چوری کا شک ظاہر کیا تھا۔ پولیس نے اس معاملہ میں جب گارڈکو حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے لوٹ کی بات کو دہرایا۔ اس کے بعد پولیس نے اس کو چھوڑ دیا۔ دوشنبہ کی صبح دیویٰ روڈ نوبستہ کے پاس پولیس نے گودام کے گارڈ سنجے کمار، ڈرئیور انل اور سپروائزر سبھاش چندر کوگرفتار کر لیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے چوری کئے گئے ۳۱؍اپولوکمپنی کے ٹائر برآمد کئے۔ ملزمین نے بتایاکہ ان لوگوں نے منصوبہ بندی کر کے گودام سے ٹائر چوری کئے تھے اور چوری کی واردات کو لوٹ بتایا تھا۔ برآمد کئے گئے ٹائروںکی قیمت تقریباً سات لاکھ روپئے بتائی جار ہی ہے۔ ملزم سنجے اور انل فیض آباد اور سبھاش بارہ بنکی ضلع کا رہنے والا ہے۔