لکھنؤ۔(نامہ نگار)وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے ۱۸برس سے کم عمر کے معذور بچوں کے سرپرستوں کو سماجوادی پینشن کو ترجیحی بنیاددیئے جانے کاتاریخی فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے معذور بچوں کے مفاد ات کے پیش نظر سماجوادی پینشن اسکیم کے نفاذ کے سلسلے میں اعلان شدہ ضوابط میں ترمیم کی ہے۔ سرکاری ترجمان نے بتایا کہ ایسے معذور بچے جن کی عمر ۱۸سال سے کم ہے اور ان کے سرپرست سماجوادی پینشن حاصل کرنے کا ہدف مکمل کررہے ہوں ایسے حالات میں ان کے بچوں کے والدین کو سماجوادی پینشن اسکیم کا فائدہ دینے میں ترجیح دی جائے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ اسکیم اپنے طرز کی پہلی اسکیم ہوگی جس کے تحت معذور بچوں کو پینشن
کا فائدہ دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بہبود اسکیم کے تحت ۱۸سال مکمل کرنے کے بعد ہی معذوروں کوپینشن دی جارہی ہے اس کی وجہ سے ایک بہت بڑا طبقہ پینشن اسکیم سے مستیفد ہونے سے محروم ہوجاتا ہے۔ وزیراعلیٰ کے فیصلے کے مطابق سماجوادی پینشن اسکیم کے ذریعہ ۱۸سال کے عمر کے لاکھوں معذور بچے مستفید ہوں گے۔