لکھنؤ۔: بی ایڈ کے طلباء کو لکھنؤ یونیورسٹی کے افسران کے کمروں کے چکر کاٹنے پڑے۔ معاملہ تھا کہ لکھنؤ یونیورسٹی میں سال اول کے کسی بھی طلباء کا شناختی کارڈ نہیں بنا ہے۔ بی ایڈ کے طلباء کو وظیفہ کیلئے فارم بھرنا ہے اس کیلئے اینروالمنٹ نمبر کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لئے طلباء شناختی کارڈ اور انرالمنٹ نمبر جاننے کیلئے تمام افسران سے ملے لیکن کسی نے بھی اس کی ذمہ داری نہیں لی۔ آخر میں امتحان کنٹرولر کی یقین دہانی کے بعد طلباء واپس لوٹ گئے۔ بی ایڈ کے طلباء کا داخلہ گورکھپور یونیورسٹی نے کیا ہے اس کی معلومات حاصل کرنا ٹیڑھی کھیر ہے۔ طلباء کاکہنا ہے کہ شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں پریشانی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے وہ تمام سہولیات سے محروم ہو رہے ہیں اس کے علاوہ وظیفہ فارم بھرنے کیلئے اینروالمنٹ نمبر کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ افسران نہیں بتا رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں طلباء نے امتحان کنٹرولر عقیل احمد سے ملاقات کی۔ امتحان کنٹرولر نے کہا کہ تمام طلباء کا ڈاٹا آچکا ہے جسے ڈی ٹی پی سیل بھیجوا دیا گیا ہے۔ دیوالی کی تعطیل کے بعد تمام طلباء کو اینرالمنٹ نمبر فراہم کرا دیا جائے گا۔