لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے علی گڑھ میں پولیس سب انسپکٹر کو گولی مار کر زخمی کرنے والے ملزمین کو جلد سے جلد گرفتار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے ہدایت دی ہے کہ خصوصی ٹیمیں تشکیل کرتے ہوئے ملزمین کو جلد سے جلد گرفتارکیا جائے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے سلسلہ میں ایس ایس پی علی گڑھ کے ذریعہ ایک خصوصی ٹیم تشکیل کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل نے ایس ٹی ایف کو ملزمین کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ واضح رہے کہ علی گڑھ کوارسی تھانہ علاقہ کے سورم جینتی نگر میں دو شنبہ کی شب فریقین کے درمیان جھگڑا ہورہا تھا۔ اسی دوران تھانہ کوارسی پر تعینات سب انسپکٹر بھودیو پرساد تھانہ سے اپنے گھر جا رہے تھے۔شور سن کر جب وہ موقع پر پہنچے اسی دوران کسی نے انہیں گولی مار دی اور وہ زخمی ہوگئے۔ شدید زخمی حالت میں بھودیو پرساد کو ورونا ٹراماسینٹر میں داخل کرایا گیا جہاں آپریشن سے گولی کو نکال لیا گیا۔ بتایا جا رہاہے کہ ان کی حالت خطرہ سے باہرہے۔