لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ گوسائیں گنج علاقہ میں ایک آم کے باغ کی فصل کو ایک شخص نے خریدنے کا سودا طے کیا۔ آم کی باغ سے فصل توڑنے کے بعد مالک کو روپئے نہیں دیئے۔ اس معاملہ میں جعلسازی کرنے والے کے خلاف گوسائیں گنج تھانہ میں امانت میں خیانت کی رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ پولیس نے آج ملزم کو گرفتارکر لیا ہے۔ گوسائیں گنج کے سلولی گاؤں کے رہنے والے وریندر سنگھ سے چٹگہا خرد گاؤں کے رہنے والے وریندر کمار نے دو سال کیلئے آم کی فصل خریدنے کا سودا طے کیا تھا۔ وریندر کمار نے باغ کے مالک کو دو سال کی فصل کے بدلے تین لاکھ دس ہزار روپئے اور کچھ آم کی فصل دینے کی بات کہی ۔ یہ سودا اسٹامپ پیپر پر طے ہوا۔ بتایا جا تا ہے کہ ایک سال کی فصل توڑنے کے بعد وریندر کمار غائب ہو گیا۔ باغ کے مالک نے جب اس سے فصل کے روپئے مانگے تو اس نے روپئے دینے سے انکار کر دیا اور جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی ۔اس معاملہ میں باغ کے مالک نے جعلساز کے خلاف امانت میں خیانت کی رپورٹ درج کرائی۔ پولیس نے جعلساز کو بیان کیلئے بلایا اور وہ پولیس سے بھاگتا رہا۔ اس معاملہ میں بدھ کی صبح گوسائیں گنج پولیس نے سی ایچ سی گوسائیں گنج کے پاس سے ملزم وریندر کمار کو
گرفتار کرلیا۔