گورکھپور (نامہ نگار)کمپئر گنج علاقہ میں نشہ کے عادی ایک باپ نے اپنی تین سالہ بیٹی کو شدید طورسے پیٹ کر مارڈالا۔گزشتہ شب کسی معاملے کے سلسلہ میں بیوی سے اس کاتنازعہ ہوگیاتھا۔بیٹی کی موت کے بعد قصوروار موقع سے فرارہوگیا۔بچی کے ماموں کی تحریر پر قصوروار والد کے خلاف پولیس نے غیرارادتاً قتل کا مقدمہ درج کرلیاہے۔ موصولہ خبر کے مطابق کمپیئر گنج علاقہ کے کھڑکھڑیا گاؤں کا باشندہ رام نواس بنگلورمیں ملازمت کررہاتھا۔ایک ماہ قبل وہ گھر واپس آگیا تھا۔شراب کی عادت کی وجہ سے گھروالوں سے آئے دن اس کا تنازعہ ہوتاتھا۔جمعہ کی شب رام نواس شراب پی کر گھر پہنچا اور بیوی سے جھگڑا کرنے لگا۔ جھگڑے کو دیکھ کر اس کی تین سالہ بیٹی پوجا رونے لگی۔بتایا جارہاہے کہ بیٹی کے رونے پر اس نے پوجا کو شدید طورسے پیٹا اور زمین پر پٹخ دیا۔جس کی وجہ سے پوجا شدید طورسے زخمی ہوگئی۔حادثہ کے بعد رام نواس فرار ہو
گیا۔رام نواس کی بیوی نے اپنے والدین کو اس واقعہ کی اطلاع دی۔اطلاع ملنے کے بعد پوجا کے ماموں نے اسے اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردے دیا۔پوجا کے ماموں کی تحریر پر پولیس نے رام نواس کے خلاف غیر ارادتاً قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اس سلسلہ میں ایس او کمپیئر گنج چوتھی رام یادو نے بتایا کہ ملزم کی تلاش کے لئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں اور جلد ہی اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔