لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اترپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر نرمل کھتری نے کانگریس دفتر سے جی پی او پر پہنچنے کے بعد بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ پر گلپوشی کی۔اس موقع پر ڈاکٹر کھتری نے کہا کہ کانگریس اعلیٰ قیادت نے بدایوں واقعہ کی سی بی آئی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا تھا جسے ریاستی حکومت نے منظور کر لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کیونکہ اترپردیش کانگریس کمیٹی نے عزم کیاتھا کہ بدایوں معاملہ کی سی بی آئی جانچ فوری طور پر نہیں کرائی جاتی تو گاندھی مجسمہ کے سامنے بھوک ہڑتال شروع کی جائے گی۔
انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ریاست میں ایسا واقعہ دوبارہ پیش آیا تو جدو جہد کیلئے کانگریس کارکنان تیار ہیں۔ مذکورہ اطلاع دیتے ہوئے ریاستی کانگریس کے ترجمان ڈاکٹر ہلال احمد نے بتایا کہ ریاست کے بدایوں ضلع میں گزشتہ دنوں دونابالغ بچیوں کی عصمت دری کے بعد انہیں درخت پر لٹکاکر قتل کئے جانے کا واقعہ دل دہلا دینے والا ہے۔ اس معاملہ میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر راہل گاندھی نے متاثرہ کنبہ سے ملاقات کی اور جائے واقعہ کا معائنہ کیا۔ ملاقات کے دوران متاثرہ کنبہ نے نائب صدر راہل گاندھی اس واقعہ کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔ اسی وقت ریاستی کانگریس کے صدر ڈاکٹر نرمل کھتری نے اعلان کیا تھا کہ اگر بلا تاخیر سی بی آئی جانچ کا مطالبہ منظور نہیں کیا گیا تو ڈاکٹر کھتری گاندھی مجسمہ کے سامنے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔
مسٹر احمد نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ جس پولیس پر ریاست کے عوام کی جان ومال کی حفاظت کی ذمہ داری ہے وہی اس واقعہ میں ملوث تھی۔ ڈاکٹر احمد نے بتایا کہ ڈاکٹر کھتری کے ساتھ سابق وزیر رام کرشن دیویدی، ستیہ دیو ترپاٹھی،سابق ایم ایل سی ہریش باجپئی، سابق رکن اسمبلی شیام کشور شکلا، سابق ایم ایل سی سراج مہدی، وریندر مدان کے علاوہ وجے سکسینہ اور سابق ایم ایل سی راجیش مشرا سمیت کثیر تعداد میں کانگریس کارکنان موجود تھے۔