لکھنؤ(نامہ نگار)مڑیاؤں علاقہ میں اتوار کی صبح دوست کے ساتھ نہانے گئے ایک نابالغ کی گومتی ندی میں ڈوبنے سے موت ہوگئی۔کنبہ کے لوگوں نے بغیر پوسٹ مارٹم کے ہی لاش کو پولیس سے لے کر اس کی آخری رسوم ادا کر دی۔ایس پی گومتی پار حبیب الحسن نے بتایا کہ بازار کھالہ کے بھدیواں کے رہنے والے چاند میاں کا ۱۴سالہ بیٹا معراج اتوار کی صبح محلہ کے ہی رہنے والے اپنے ساتھی محبوب کے ساتھ پیپے والے پل کے نزدیک گومتی ندی میں نہانے کے لئے آیاتھا۔ بتایا جاتا ہے کہ ندی میں نہاتے وقت معراج گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوبنے لگا۔ معراج کو ڈوبتا دیکھ کر اس کے ساتھی محبوب نے مدد کیلئے شور مچا دیا۔ شور ہوتے ہی آس پاس کے لوگ مدد کیلئے جمع تو ہوئے لیکن تب تک نابالغ معراج ندی میں ڈوب چکا تھا۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر مڑیاؤں پولیس بھی پہنچ گئی۔ پولیس نے واردات کی اطلاع معراج کے گھروالوں کو دی۔ پولیس نے اس کے بعد غوطہ خوروں کی مدد سے معراج کی لاش کو ندی سے باہر نکلوایا۔
بیٹے کی موت کی خبر ملتے ہی پورا کنبہ آہ وبکا کرتا ہوا موقع پر پہنچ گیا۔ کنبہ کے لوگوں نے کسی پر کوئی الزام نہیں عائد کیا اور بغیر پوسٹ مارٹم کے ہی معراج کی لاش کو لے جانے کی بات کہی۔ اس پر مڑیاؤں پولیس نے ان لوگوں سے کوئی قانونی کارروائی نہ کئے جانے کی بات کی تحریر لے کر لاش کو ان کے حوالے کر دیا۔