لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ موٹر سائیکل سوار طالب علم کو تیز رفتار وین نے ٹکر مار دی۔ ٹکر لگنے سے طالب علم شدید طور سے زخمی ہو گیا۔ مقامی لوگوں نے اسے پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا جہاں اس کی موت ہو گئی۔ دوسری طرف بازار کھالہ میں موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوانوںکو نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی اس حادثہ میں ایک نوجوان کی موت ہو گئی جبکہ دوسرا نوجوان شدید طور سے زخمی ہو گیا۔ موصولہ خبر کے مطابق کاکوری کے بیہٹا گاؤں کا باشندہ کسان بیچا لال روزانہ کی طرح باغ میں اپنے والد کو موٹر سائیکل سے کھانا دینے کیلئے باغ جا رہا تھا۔ بیچا لال کا بیٹا سروج جب نرائن پور کے قریب پہنچا اچانک تیز رفتاروین نے مخالف سمت سے اس کی موٹر سائیکل میں
ٹکرماردی۔
ٹکر لگنے سے سروج موٹر سائیکل سمیت سڑک کے کنارے کھیت میں گر گیا۔ خون سے آلودہ سروج کو گاؤں کے لوگوں نے پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے سروج کوٹراما سینٹر بھیج دیا لیکن ٹراما سینٹر میں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔
سروج نویں جماعت کا طالب علم تھا۔اسی سلسلہ میں قیصر باغ کے جمبور تھانہ کا باشندہ محمد سیفی (۱۸) فلیکس بورڈ لگانے کا کام کرتا تھا۔ سیفی اپنے دوست احمد کے ساتھ مذکورہ کام کیلئے گیا ہوا تھا۔ دیر رات فلیکس بورڈ لگانے کے بعد احمد کے ساتھ وہ موٹر سائیکل سے گھر واپس جا رہا تھا۔ جب دونوں دوست عیش باغ پل کے قریب پہنچے اسی دوران ان کی موٹر سائیکل میں نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی۔ ٹکر لگنے کے بعد دونوںدوست زخمی ہو کر گر گئے لیکن سیفی شدید طور سے زخمی ہو گیا جبکہ احمد معمولی طور پر زخمی ہو گیا۔ دونوں زخمیوںکو مقامی لوگوں نے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں سیفی کی موت ہو گئی۔