لکھنؤ(نامہ نگار)چیف سکریٹری آلوک رنجن نے بہتر بجلی سپلائی اور اس کی صلاحیت کو بڑھائے جانے کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔
چیف سکریٹری نے سکریٹری توانائی کامران رضوی اور پاور کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر اے پی مشرا سے بجلی فراہم کی پوری معلومات حاصل کیںاور کئی نکات پر ان افسران کو ہدایت بھی دیں۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ وقت میںمرکز سے جو امداد مل سکتی ہے اس کیلئے ریاستی سطح پر ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ لیکن ضرورت کے مطابق بجلی فراہمی کیلئے انرجی کارپوریشن سے زیادہ سے زیادہ بجلی خریدی جائے تاکہ ضرورت اورسپلائی میں جو فرق ہے اسے پورا کیاجاسکے۔ پاور کارپوریشن کے افسران نے بتایاکہ انرجی ایکسچینج سے ۱۲۰۰میگاواٹ کی بجلی خریدی جارہی ہے۔ چیف سکریٹری نے کہا ہے کہ کم سے کم سطح تک جو بجلی بحران محسوس ہو رہا ہے اسے دور کیاجائے۔ اگر بجلی کی ضرورت اس سے زیادہ ہے تو مزید بجلی خریدی جائے۔ پاور کارپوریشن کے افسران نے بتایا کہ انپرا میں واقع لینکو کی ۶۰۰میگاواٹ کی یونٹ کوئلہ کی کمی کی وجہ سے بند ہو گئی ہے۔
چیف سکریٹری نے ہدایت دی ہے کہ پاور کارپوریشن کے منیجر اے پی مشرا اور ڈائرکٹر مالیات
ایس کے اگروال فوراً کوئلہ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے انپرا جائیں اورکول انڈیا کے افسران سے ملاقات کرکے کوئلہ کی فوری فراہمی کرائیں تاکہ ۶۰۰ میگاواٹ کی لینکو کی مشین کو فوراً شروع کرایاجاسکے۔
ریاست کے دیگر توانائی پروجیکٹ کیلئے کوئلہ کی برابر سپلائی بنی رہے اس کیلئے چیف سکریٹری نے سکریٹری توانائی کو ہدایت دی کہ آج ہی ان کی جانب سے حکومت ہندکے کوئلہ سکریٹری کو خط لکھ کر کوئلہ کی سپلائی کو یقینی بنائے جانے کیلئے سفارش کی جائے۔ انہوںنے سکریٹری توانائی کامران رضوی کو ہدایت دی کہ وہ سکریٹری کوئلہ سے ملاقات کرنے کیلئے فوراً روانہ ہوں اور دو یا تین دن میں ان سے گفتگو کر کے تمام نکات پر فیصلہ کریں۔
چیف سکریٹری نے یہ بھی ہدایت دی کہ تمام منطقائی کمشنراور ضلع مجسٹریٹوں کو ان کی جانب سے یہ ہدایت دی جائے کہ وہ ضلع سطح پر بجلی محکمہ کے افسران سے تال میل بناکر کم از کم مدت میں بریک ڈاؤن اٹینڈ کرایاجانا یقینی بنائیں تاکہ کہیں بھی نظم ونسق میںکوئی رخنہ نہ پڑنے پائے۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ چیف انجینئر اور ایگزیکٹو انجینئر اپنے صدر دفاتر پر یا کسی سب اسٹیشن پر موجود رہیں۔ تاکہ ان کی مستعدی کی وجہ سے بجلی سپلائی پر نظررکھی جاسکے۔