کولکاتا۔مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بالی ووڈ سپر اسٹار شارخ خان کو ان کی ٹیم کولکاتا نائٹ رائڈرس کے آئی پی ایل سات کا خطاب جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ بنگلور کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کنگز الیون پنجاب اورکے کے آر کے درمیان اتوار کی رات ٹورنامنٹ کا فائنل میچ کھیلا گیا تھا۔کولکتہ نے اس میچ میں پنجاب کو تین وکٹ سے شکست دے کر دوسری بار آئی پی ایل خطاب جیتا۔ ممتا نے ساتھ ہی بنگال کے وکٹ کیپر بلے باز رددھمان ساہا کو ان کی سنچری کے لیے بھی مبارک باد دی۔ساہا نے کنگز الیون پنجاب کیلئے 55 گیندوں میں 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔وزیر اعلی نے فیس بک پرلکھا مبارک ہو۔ کے کے آر۔ مبارک ہو شارخ اور
مبارک ہو رددھمان آپ کی بہترین کارکردگی کیلئے۔غور طلب ہے کہ فائنل میں کے کے آر کے اندراج کے بعد شارخ ممتا کے گھر گئے تھے اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔
انہوں نے ممتا دیدی کے ساتھ اپنی تصاویر بھی سوشل سائٹ پر پوسٹ کی تھی۔