ممبئی (وارتا) دوپہیہ اور تین پہیہ گاڑی بنانے والی کمپنی بجاج آٹو لمیٹیڈ کی گاڑیوں کی فروخت مئی مہینے میں چار فیصد بڑھ کر ساڑھے تین لاکھ اکائی سے اوپر پہونچ گئی۔ کمپنی نے بتایا کہ گذشتہ سال مئی مہینے میں اس کی فروخت ۳۳۹۳۴۸ ؍اکائی رہی تھی جب کہ اس سال اسی مدت میں یہ ۳۵۱۴۳۶ ؍اکائی رہی ہے۔ اس مدت میں کمپنی کی موٹر سائیکلوں کی فروخت تین فیصد بڑھ کر ۳۱۳۰۲۰؍اکائی ہوگئی اور کامرشیل گاڑیوں کی فروخت گیارہ فیصد بڑھ کر ۳۸۴۱۶؍اکائی پر پہنچ گئی۔ وہیں ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹیڈ کی کاروں کی فروخت میں مئی مہینے میں ۲ء۱۹ فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ گذشتہ سال کے اسی مہینے کے ۸۴۶۷۷ سے بڑھ کر ایک لاکھ ۹۲۵ ہوگئی۔ کمپنی نے آج یہاں بتایا کہ اس مدت میں گھریلو اور بین الاقوامی دونوں بازاروں میں اس کی کاروں کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ گھریلو سطح پر کاروں کی فروخت میں ۴ء۱۶ فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ ۷۷۸۲۱ ؍ اکائی سے بڑھ کر۹۰۵۶۰؍ اکائی ہوگئی۔ اس دوران کاروں کی بر آمداد ۶۸۵۶؍اکائی کے مقابلے ۲ء۵۱ فیصد بڑھ کر ۱۰۳۶۵ ؍ اکائی ہوگئی۔حالانکہ اس مدت میں چھوٹی کاروں اور ایس ایکس۔۴ کی فروخت میں گراوٹ درج کی گئی لیکن دیگرسبھی کاروں کی فروخت میں زیادہ سے زیادہ ۹ء۵۳ فیصد تک اضافہ کے سبب کمپنی کی کل فروخت میں اضافہ ہوگیا۔
چھوٹی کاروں میں ماروتی ۸۰۰، الٹو ، اے اسٹار اور ویگن آر کی فروخت گذشتہ سال مئی مہینے کی ۳۱۴۲۷ سے ۵ء۷ فیصد کم ہوکر ۲۸۰۶۸ رہ گئی جب کہ ایس ایکس۔۴ کی فروخت میں ۹ء۷۵ فیصد کی کمی آئی اور یہ ۵۰۳ سے کم ہوکر ۱۲۱ رہ گئی۔
اس کے علاوہ کار بنانے والی کمپنی ہنڈئی موٹر انڈیا لمیٹیڈ ( ایچ ایم آئی ایل) کی اس سال مئی میں گھریلو بازار کاروں کی فروخت ۸ء۱۲ فیصد بڑھ کر ۳۶۲۰۵ ؍اکائی پر پہنچ گئی۔ جب کہ گذشتہ سال کے اسی مہینے میںکمپنی نے ۳۲۱۰۲ کاریں فروخت کی تھیں۔ کمپنی نے آج یہاں بتایا کہ اس دوران ایکسنٹ ، گرینڈ اور سنٹافی کاروں کی فروخت بڑھنے سے کمپنی نے اس معاملہ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ آئندہ بھی کمپنی کے اس مثبت رجحان کے برقرار رہنے کی امید ہے اس مدت میں کمپنی کی کاروں کی برآمدات ۲۰۱۳ کے مئی کے ۲۴۷۵۴؍ اکائی کے مقابلے میں ۳ء ۳۷ فیصد کم ہوکر ۱۵۵۱۳؍اکائی پر آگئی ہے۔ اس دوران کمپنی کی کل فروخت ۵۶۸۵۶؍اکائی کے مقابلے ۹۳ء۹ فیصد کم ہوکر ۵۱۷۱۸؍اکائی رہی ہے۔