کراچی…کراچی میں چند دنوں کا سکون اور ایک بار پھر دہشتگردوں کا راج،ڈیفنس اور کورنگی میں چند منٹوں کے دوران مسلح افراد نے 5 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ، رات سے اب تک پرتشدد واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کورنگی روڈ پر ڈیفنس فیز ون میں واقع گولڈ مارک شاپنگ پلازہ کے نزدیک مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے جان محمد نامی شخص کو قتل کردیا۔ ایس ایس پی ساوٴتھ منیر شیخ کا کہنا ہے کہ مقتول جان محمد مسجد میں موذن تھے۔اختر کالونی میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت طارق شاہ اور یار محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق طارق شاہ مسلم لیگ ن کے مقامی عہدیدار اور سابق کونسلر تھے۔لائنز ایریا میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔فائرنگ کا ایک اور واقعہ کورنگی انڈسٹریل ایریا،چمڑا چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں ہوٹل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت ریاض اور رمضان کے نام سے ہوئی ہے۔ ریاض اور رمضان کا تعلق اہلسنت والجماعت سے ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق کورنگی کے علاقے ناصر کالونی جمپ سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جس کی شناخت رزاق کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق رات گئے لیاری کے علاقے علی محمد محلہ سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ بلدیہ ٹاوٴن، اتحاد ٹاوٴن سے 26 سالہ حسنین کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔ جبکہ قصبہ کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا،مقتول کو ندیم کے نام سے شناخت کیا گیا ہے۔شہر میں دہشتگرد ایک بار پھر سرگرم ہوگئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 19 افراد کو قتل کیا جاچکا ہے۔