رام پور (نامہ نگار)سی ڈی او کیپٹن آلوک شیکھر تیواری نے اپنے ماتحت افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ ۴جون کے بعد ریاست کے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو رام پور آسکتے ہیں لہٰذا تمام افسران اپنے اپنے ترقیاتی کام مکمل کرالیں۔سی ڈی او آج کلکٹریٹ ہال میں ضلع کے ترقیاتی کاموں کو محکمہ وار جائزہ لے رہے تھے ۔
انہوں نے تمام محکمہ جاتی افسران سے ان کے ترقیاتی کاموں کے اعدادوشمار معلوم کئے ساتھ ہی کہا کہ ۴جون کے بعد کبھی کبھی وزیر اعلیٰ کی ضلع میں آمد ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دس جون کو وزیر اعلیٰ پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ لکھنؤ میں جائزہ جلسہ کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ کابینی وزیر محمد اعظم خاں بھی کسی دن ضلع کا دورہ کرسکتے ہیں۔ریاستی حکومت کے نوڈل افسر انیتا سنگھ میش رام بھی ضلع کا دورہ کرکے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گی۔اس لئے کسی بھی محکمہ کے کام میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے۔ سی ڈی او کے ساتھ جلسہ میں پی ڈی بھانوپرتاپ سنگھ ضلع ترقیاتی افسر،سی ایم اواور ڈی ایف او وغیرہ موجودتھے۔