نئی دہلی ۔اچھی کارکردگی کے باوجود ٹیم میں منتخب نہ ہو پانے سے ناراض آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے کہا کہ بار بار نظر انداز سے ان کا حوصلہ گرا نہیں ہے اور وہ ہندوستانی ٹیم میں واپسی کی کوشش کرتے رہیں گے۔ ہربھجن نے اس سال آئی پی ایل کے 14 میچوں میں 6۔47 کی اوسط سے 14 وکٹ لئے۔سنیل نارائن اور اچھر پٹیل کے علاوہ باقی اسپنر جہاںٹاپ آرڈر کے بلے بازوں کو روک نہیں پا رہے تھے ، وہیں ہربھجن نے گلین میکسویل اور کرس
گیل جیسے بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔انہوں نے پریس ٹرسٹ کو دیئے انٹرویو میں کہا کہ میں کئی بار نظرانداز محسوس کرتا ہوں اور یہ اچھا احساس نہیں ہے۔ ہندوستانی ٹیم میں منتخب نہ ہونے سے افسوس ہوتا ہے۔اس سال آئی پی ایل میں میری کارکردگی سبھی نے دیکھی۔میں وہی کر سکتا ہوں جو میرے ہاتھ میں ہے۔اگرچہ میں اس نظر انداز سے ناراض ہوں لیکن ٹیم میں واپسی کی کوشش کرتا رہوںگا۔ ہندوستانی اسپنروں میں میں نے سب سے عمدہ گیند بازی کی تھی۔
یہ پوچھنے پر کہ کیا انہوں نے مستقبل کے بارے میں سلیکشن کمیٹی سے بات کی ہے ۔ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے دوسرے گیند باز نے کہا میرا کام گیند بازی کرنا اور ٹیم کے لئے میچ جیتنا ہے جو میں کر رہا ہوں۔اس کے علاوہ میں کچھ نہیں سوچتا۔ابھی میرے پاس عمر ہے اور مجھے یقین ہے کہ میں ہندوستان کیلئے پھر کھیل سکتا ہوں۔اپنی گیند بازی کے بارے میں ہربھجن نے کہا کہ کچھ تبدیلیوں کے ساتھ ان کی اچھی کارکردگی میں مدد ملی۔انہوں نے کہا میں نے گزشتہ دو گھریلو سیشن میں اچھی گیند بازی کی ہے۔میں نے اپنی گیندوں کی رفتار میں تبدیلی کی اور کامیاب رہا۔میں نے 14 آئی پی ایل میچوں میں سے 10 میں 24 سے بھی کم رنز دیئے۔صرف راجستھان رائلز کے خلاف ایک میچ میں میں نے 35 سے زیادہ رن دئے تھے۔ہربھجن نے کہا سب سے اطمینان بخش بات یہ تھی کہ زیادہ تر موقعوں پر میں نے بلے باز کو اس سمت میں گیند کھیلنے کے لئے مجبور کیا جہاں میں چاہتا تھا۔اس سے میرا اعتماد پھر قائم ہو گیا کہ میں اگلے پانچ سال اور اس سطح پر کھیل سکتا ہوں۔
ہالینڈ نے بلجیم کو شکست دی
دی ہیگ ۔ اولمپک چمپئن ہالینڈ نے خواتین ہاکی ورلڈ کپ میں بیلجیم کو 4 ۔ 0 سے شکست دے کر دوسری جیت درج کی ۔ہالینڈ کے دو میچوں کے بعد چھ پوائنٹس ہیں ۔اس کیلئے ایلن یوگ پانچواں منٹ اور مارلوس 31 واں نے پہلے ہاف میں گول کئے ۔ وہیں دوسرے ہاف میں کپتان ماترجے پامین نے 44 ویں منٹ میں ملے پنالٹی اسٹروک کو تبدیل کیا ۔چوتھا گول ڈروسٹ نے 49 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر کیا تھا۔ایک اور گروپ میچ میں ڈارک کے 30 ویں منٹ میں کئے گئے گول کے طور پر نیوزی لینڈ کو شکست دی۔