ہاپوڑ (نامہ نگار)ضلع سپلائی افسر رام نارائن یادو نے دھولانہ کے گاؤں سولانہ میں دکان پر چھاپہ مارنے کے دوران ۸۸۵ ملاوٹی ڈیزل برآمد کیا ہے۔ انہوں نے ملزم کے خلاف تھانہ میں مقدمہ درج کراتے ہوئے ڈیزل کے نمونہ جانچ کے لئے آگرہ لیب میں بھیج دیئے ہیں۔موصولہ خبر کے مطابق دھولانہ تحصیل کے علاقہ کے گاؤں سولانہ میں دکاندار سدیش کے ذریعہ بغیر لائسنس کے ڈیزل فروخت کرنے کی شکایت موصول ہورہی ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع سپلائی افسر ودھولانہ کے سپلائی افسر نے مشترکہ طور پر دکان پر چھاپہ مارا۔ چھاپہ کے دوران پانچ پلاسٹک کے ڈرموں میں رکھا ہوا ۸۸۵لیٹر ملاوٹی ڈیزل برآمد کیا گیا ۔ چھاپہ کی اطلاع ملنے پر دکاندار موقع سے فرار ہوگیا۔ چھاپہ کی کارروائی سے راشن کی دکانوں میں افراتفری پھیل گئی۔