نئی دہلی، 4 جون (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتاپارٹی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی لوک سبھا میں آج برسراقتدار جماعت کی بنچ پر اگلی صف میں ایک ساتھ بیٹھی اور انہوں نے کچھ دیر تک آپس میں بات چیت کی۔بی جے پی کی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) 10 سال کے بعد پھر سے اقتدار پر قابض ہوا ہے اس سے قبل 1999 سے 2004 تک این ڈی اے نے اٹل بہاری واجپئی کی قیادت میں حکومت قائم کی تھی۔مسٹر مودی کی رہنمائی میں بنی نئی حکومت میں مسٹر اڈوانی شامل نہیں ہیں لیکن روایات کے برخلاف وہ وزیراعظم کے ساتھ اگلی صف میں بیٹھے۔ دونوں نے آپس میں بات چیت بھی کی۔ عام طور سے کابینہ کے اراکین ہی پہلی صف میں وزیراعظم کے ساتھ بیٹھتے ہیں۔مسٹر اڈوانی 2009 میں بی جے پی کے وزیراعظم کے عہدے کے امیدوار کی حیثیت سے پیش کئے گئے تھے۔ لیکن پارٹی اقتدار حاصل نہیں کرپائی تھی۔ اس بار مسٹر مودی کی قیادت میں این ڈی اے نے 335 سیٹیں جیت کر اکثریت حاصل کی ہے۔سال 1984 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کسی ایک سیاسی پارٹی کو مکمل اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ بی جے پی نے 543 میں سے 281 سیٹیں جیتی
ہیں۔