لکھنؤ(نامہ نگار)آسام سے غائب کی گئی ۲۰ٹن چائے کی پتی بدھ کو آسام اور آشیانہ پولیس کی مشترکہ ٹیم نے آشیانہ کے سیکٹر-جی اور ایل واقع دو گھروں سے برآمد کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مکانوں کو تینوں لوگوں نے کرائے پر لے رکھا تھا اور ان ہی مکانات میں چوری کی گئی لاکھوں کی چائے پتی کو چھپا کر رکھا گیا تھا پولیس اب مفرور ملزمین کی تلاش کر رہی ہے۔آشیانہ ایس او سدھیر کمار نے بتیا کہ آسام کے گوہاٹی سے شری شیام ٹرانسپورٹ سے ٹرک نمبر ایم ایچ ۰۴ جی سی ۷۵۲۵ سے ممبئی کیلئے ۲۰ٹن ۶۱۷ کلو گرام مال ۹مئی کو لے کر چلا تھا۔ ٹرانسپورٹر نے اس کے بعد آسام کے گوہاٹی میں ٹرک ڈرائیور وسیم، عبدالشیخ اور کلینر شاکر کے خلاف رپورٹ درج کرائی ۔ گوہاٹی پولیس نے معاملہ کی تفتیش کرتے ہوئے بارہ بنکی کے صفدر گنج علاقہ سے ٹرک کو برآمد کیا۔ اس کے بعد گوہاٹی پولیس تفتیش کرتی ہوئی آشیانہ پہنچی۔ گوہاٹی پولیس نے چوری کی چائے پتی کے آشیانہ علاقہ میں چھپا ئے جانے کی اطلاع دی۔ بدھ کو آشیانہ اور گوہاٹی پولیس کی مشترکہ ٹیم نے سیکٹر جی اور سیکٹر ایل سے چوری کی گئی چائے پتی برآمد کی۔ ایس او آشیانہ نے بتایا کہ سیکٹر جی اور سیکٹر ایل کے مکان کو سندیپ ، راجیش اور سوربھ نے کرایہ پر لے رکھا ہے۔ پولیس کو پتہ چلا ہے کہ ملزمین نے ۲۳مئی کو چوری کی گئی چائے پتی کو مذکورہ مکان میںچھپاکر رکھا تھا پولیس اب مفرور ملزمین کی تلاش کر رہی ہے۔