بریلی، 5 نومبر:اترپردیش میں بریلی کے بہیڑی علاقہ میں حکمراں سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ایک لیڈر کے رشتہ داروں کے ذریعہ چوری کے شبہ میں ایک لڑکی اور اس کی ماں کو یرغمال بنا کر غیرانسانی سلوک کرنے کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔
پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ سماج وادی پارٹی کے لیڈر حاجی ببو کے رشتہ دار آصف عرف گڈو کے گھر سے یکم نومبر کو سونے کے زیور چوری ہونے کے شبہ میں گھر میں کام کرنے والی 14 سالہ لڑکی اور اس کی ماں کو اغوا کر لیا گیا۔
ذرائع نے بتایاکہ ماں بیٹی کو تین دن تک حاجی ببو کے گھر پر یرغمال بنا کر رکھا گیا اور ان کو اذیتیں دی گئیں۔ دریں اثنا انہیں موم بتی سے جلائے جانے اور ان کے جسم کے نازک حصوں پر بھی چوٹ پہنچانے کا الزام ہے۔ تین دنوں بعد کسی طرح یہ ماں بیٹی آزاد ہوئیں اور انہیں کل شام ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
اس سلسلے میں آصف، اس کی بہن فیضل اور عاقب سمیت تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔