لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔شکور بستی میں نالی و سیور کا گندہ پانی جمع ہونے سے ناراض سیکڑوں لوگوں نے بلاقی اڈہ چوراہے پر راستے کو مسدود کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے وزیر شہری ترقیات و مقامی کونسلر کا پتلا نذر آتش کیا۔ اس دوران پولیس و مظاہرین کے دوران تکرار بھی ہو گئی۔ موقع پر پہنچ کر زونل افسر نے صفائی کا کام شروع کرایا جس کے بعد مظاہرہ ختم کر دیا گیا۔ موصولہ خبر کے مطابق بھوانی گنج وارڈ کے تحت شکور بستی میں گزشتہ کئی ماہ سے سیور اور نالیوں کی صفائی نہیں کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے نالیوں و سیور کاگندہ پانی سڑک پرجمع ہو گیا ہے اور گھروں میں داخل ہو رہا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی آمد و رفت بھی سڑک پر بندہو گئی ہے۔
علاقہ میں پانی جمع ہونے سے ناراض سیکڑوں لوگ جمعرات کی دوپہر بلاقی اڈہ چوراہے پر پہنچے۔ مشتعل لوگوں نے بی جے پی لیڈر وپل مشرا و کونسلر ساکیت شرما کی قیادت میں سڑک کو مسدود کرنے کے بعد مظاہرہ کیا۔ مظاہرین جائے موقع پر میونسپل کمشنر کو بلانے کا مطالبہ کررہے تھے۔ مظاہرین نے وزیر شہری ترقیات اعظم خاں و کونسلر اشتیاق علی کا پتلا نذر آتش کیا۔اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان تکرار بھی ہوئی۔ لوگوں کا الزام ہے کہ علاقہ میں صفائی ملازمین نہیں آتے۔ صفائی نہ ہونے کی وجہ سے سیور و نالیاں بند ہو گئی ہیں، جگہ جگہ کوڑے کے انبار لگے ہوئے ہیں ،گھروں میں سیور کا گندہ پانی گھس گیا ہے۔ سڑکوں پر لوگوںکا چلنا محال ہو گیا ہے۔ اطلاع ملنے کے بعد زونل افسر پردیپ نارائن نے موقع پر صفائی کا کام شروع کرایا جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوئے۔