ممبئی: ہندوستان کے مشہور گانے ’’میڈ ان انڈیا‘‘ کی گلوکارہ الیشا چینائے نے کہا ہے کہ بھارت میں پاپ میوزک کو مقبول بنانے میں اس وقت کے وزیراعظم راجیو گاندھی نے اہم کردار ادا کیا یہ بات انھوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہی۔الیشا چنائے کا کہنا تھا کہ راجیو گاندھی ہندوستان میں بڑے پیمانے پر ٹی وی اور پاپ موسیقی لانا چاہتے تھے بلکہ میں تو ٹی وی اور پاپ میوزک کو مقبول کرنے کا سہرا راجیو گاندھی کو ہی دیتی ہوں۔ میں نے انھیں اپنے دو انگریزی نغمے سنائے تھے اور انھوں نے تعریف میں مجھے ایک خط بھی ارسال کیا تھا۔’’میڈ ان انڈیا‘‘ کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا: جب میں نے میڈ ان انڈیا گایا تھا، اس زمانے میں میوزک وڈیوز نہیں ہوتے تھے۔موسیقار یہ گانا پہلے نازیہ حسن کی آواز میں چاہتے تھے لیکن قسمت سے وہ مجھے مل گیا۔ جب موسیقار بڈّو نے مجھے یہ گانا سنایا تبھی مجھے احساس ہو گیا کہ یہ ہٹ ہونے والا ہے۔ پھر میں نے یہ گانا ہندی میں لکھا کیونکہ بڈّو جی کو تو ہندی آتی نہیں تھی۔ انھوں نے صرف دھن سنائی تھی اور دھن میں نے لکھ لی۔ ہم نے لندن میں اسے ریکارڈ کیا تھا۔ موسیقی سے وابستگی کے بارے میں انھوں نے کہا: ’بہت بچپن سے ہی موسیقی کا شوق تھا۔ میرے پاپا کلاسیکی گلوکار ہیں اور ماں بیشتر مغربی طرز کے گیت گاتی تھیں۔ میں شاید دونوں کا مرکب ہوں۔الیشا کا کہنا تھا کہ بھارت میں پلے بیک گلوکاروں کو مناسب مقام نہیں ملتا یہاں گانا کسی اور نے گایا اور فلمایا کسی اور پر جاتا ہے اسی وجہ سے میں نے پلے بیک گلوکاری کوصرف ایک متوازی کریئر کے طور پر ہی رکھا ہے۔