ممبئی، 7 جون (یو این آئی) حکومت مہاراشٹر نے پنے کے آئی ٹی انجینئر مقتول محسن شیخ کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔مسٹر محسن شیخ کو پیر کے روز مبینہ طور پر کچھ ہندو انتہاپسند تنظیموں کے کارکنان نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا تھا۔ مقتول پر الزام لگایا گیا تھا کہ اس نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ پر شیو سینا کے بانی بال ٹھاکرے اور مراٹھا شخصیت شیواجی کی کچھ توہین آمیز تصاویر پوسٹ کی تھیں۔مہاراشٹر کے وزیراعلی پرتھوی راج چوان نے معاوضح کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مقتول کے لواحقین کو یہ رقم وزیراعلی امدادی فنڈ سے مہیا کرائی جائے گی۔ مسٹر چوان نے عوام سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی اور انہیں یقین دلایا کہ ملزمین کو کیفر کردار تک ضرور پہنچایا جائے گا۔