مصر کے معزول صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی گذشتہ روز عدالت میں پیش کے بعد اسکندریہ شہر میں قائم”برج العرب” جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ معزول صدرکی عدالت میں پیشی اور ان کے جیل پہنچائے جانے کے بعد قید میں ان کی مصروفیات کی کچھ تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔
مصر کے سرکاری ٹیلی ویژن نے سابق صدرکی عدالت میں پیشی اور عدالتی بنچ کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا احوال دکھا دیا تھا۔ بعد ازاں انہیں ایک فوجی ہیلی کاپٹرمیں فول پروف سیکیورٹی کے ساتھ برج العرب منتقل کیا گیا۔ جیل کے سپرٹنڈنٹ نے نئے ‘مہمان’ کا استقبال کیا۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر کو جیل میں وی آئی پی سہولیات میسر ہیں۔ انہیں ان کی مرضی کی خوراک مہیا کی جاتی ہے، وہ جب چاہتے ہیں آرام کرتے ہیں۔
سابق صدر محمد مرسی قیدی کی حیثیت سے برج العرب جیل میں مقامی وقت کے مطابق دن اڑھائی بجے پہنچے۔ پہلے انہوں نے نماز ادا کی۔ پھر کھانے میں جیل کے مینیو سے ہٹ کر مرغی طلب کی جو جیل انتظامیہ کی جانب سے انہیں فراہم کر دی گئی۔ کھانے کے بعد خاموشی سے بستر پر لیٹ گئے اور کسی سے کوئی خاص بات نہیں کی۔ ایسے لگ رہا تھا کہ وہ عدالت میں پیشی اور ججوں کے ساتھ ہونے والی گفتگو سے اکتا چکے ہیں۔ تاہم ان کا جیل عملے کے ساتھ رویہ مناسب تھا۔ جیل میں انہوں نے یہ نہیں کہ “میں تمہارا صدر ہوں”۔ اس سے قبل وہ عدالت میں پیشی کے موقع پر کیس کی سماعت کرنے والے جج کومخاطب کرکے کہہ چکے تھے کہ “میں تمہاراصدر ہوں، تمہیں میرے خلاف مقدمہ نہیں چلا کا حق نہیں”۔
جیل پہنچنے پر سابق صدر نے قیدیوں کا سفید لباس پہننے سے انکار کر دیا، تاہم انہوں نے روٹین کی دیگر دفتری کارروائی میں کسی قسم کی مزاحمت نہیں کی۔ جیل میں داخل ہونے پر ان کی تصویر لی گئی۔ انہیں قیدی نمبر جاری کیا گیا۔ جیل کے رجسٹر پر ان کے نام کا اندراج کیا گیا۔ بعد ازاں ان کا میڈیکل چیک اپ بھی کیا گیا۔ ان تمام امور میں انہوں نے جیل عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔
جیل کے شیڈول کے مطابق سابق صدر کو ہفتےمیں کھانے میں دو مرتبہ گوشت، لوبیا، ناشتے میں پنیر، سویٹس اور روٹی فراہم کی جائے گی۔
مصری اخبار”الیوم السابع” کی رپورٹ کے مطابق معزول صدر ڈاکٹر محمد مُرسی کو جیل پہنچائے جانے کے بعد برج العرب ایک فوجی چھاؤنی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ جیل کے باہر چاروں اطراف میں دور دور تک سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہ جیل آبادی سے بہت دور واقع ہے۔ قریب ترین آبادی بھی جیل سے بیس کلومیٹر دور ہے۔