کانپور (نامہ نگار)برّا علاقہ کے سماجوادی پارٹی کے علاقائی سکریٹری سدھیر یادو کی بیوی نے کل دیر رات خودکشی کرلی۔
حادثہ کے بعد گھر میں وہ تنہا تھی۔حالانکہ سماجوادی پارٹی کے علاقائی سکریٹری کی بیوی نے خودکشی کیوں کی اس کا علم نہ تو گھروالوں کو ہے اور پولیس اس کا انکشاف کرنے سے قاصر ہے۔پولیس نے لاش کا پنچنامہ کرنے کے بعد اسے پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔
موصولہ خبر کے مطابق کانپور کے برّا علاقہ آزاد نگر کے باشندے ہوٹل کاروباری سدھیر یادو سماجوادی پارٹی کے علاقائی سکریٹری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کنبہ میں ان کی بیوی بینا کے علاوہ ان کی والدہ رنجنا دیوی،والد سریش یادو،بھائی سنیل یادو اور پانچ سالہ بیٹی انجو ہیں۔مسٹر یادو نے بتایا کہ اتوار کی شام کنبہ کے تمام لوگ دامودنگر واقع ان کے ہوٹل پر آئے ہوئے تھے اور گھر پر ان کی بیوی بینا تنہا تھیں۔کیونکہ انہوں نے ہوٹل جانے سے انکار کردیا تھا۔کل رات جب ان کے والدین اور گھر کے دیگر اراکین گھر پر پہنچے تو صدر دروازہ کوشش کے بعد دروازہ نہیں کھلا تو متوفیہ کے سسر نے سدھیر کو فون پر دروازہ نہ کھلنے کی اطلاع دی۔گھر پہنچنے کے بعد سدھیرنے بھی صدردروازہ کھولنے کی کوشش کی لیکن انہیں بھی ناکامی حاصل ہوئی۔اس کے بعد انہوں نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر پڑوسی کے مکان سے اپنی چھت پر جاکر جالی سے گھر میں دیکھا توبینا کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی تھی۔