گورکھپور (نامہ نگار)کینٹ علاقہ کے کنرا گھاٹ میں روڈویز کی بس نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر ماردی اور نالے میں گرگئی۔اس حادثہ میں دو بچوں سمیت چارافراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔راہگیروں کی مدد سے زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے جہاں ان کا علاج کیا جارہاہے۔ بتایا جارہاہے کہ تیزرفتاری کے سب یہ حادثہ پیش آیاہے۔
موصولہ خبر کے مطابق دیوریا سے مسافروں سے بھری ہوئی روڈویز بس تیز رفتاری کے سبب بے قابو ہوگئی اور مخالف سمت سے آنے والی موٹرسائیکل کو ٹکر مارنے کے بعد نالے میں گر گئی۔موقع پر پہنچ کر پولیس نے راہگیروں کی مدد سے بس میں پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالا۔ضلع مجسٹریٹ روی کمار نے زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا۔حادثہ کے بعد مشتعل لوگوں نے سڑک کو مسدود کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔مظاہرین کو قابو میں کرنے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ضلع مجسٹریٹ اور ایس ایس پی نے مشتعل مظاہرین کو سمجھایا اور پرامن رہنے کی اپیل کی۔