لکھنؤ(بیورو)ترپر دیش کے وزیراعلیٰ مسٹر اکھلیش یادو نے کہا ہے گنا کسانوں کے مفادات کو نظر انداز کرنا کسی بھی حالت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوںنے گنا کسانوں کے واجبات پر سخت رخ اختیار کرتے ہوئے پرائیویٹ شکر ملوں کے خلاف سخت کارروائی کئے جانے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے زور دیکر کہا ہے کہ گنا کسانوں کے مفادات سے وابستہ معاملات میں کوئی شکایت موصول ہونے پر یا کسی بھی سطح پر لاپروائی برتے جانے پر متعلقہ افراد کی ذمہ داری طے کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ آج اپنی سرکاری قیام گاہ ۵ کالی داس مارگ پر مسٹر اتل پردھان کی قیادت میں آئے گنا کسانوں کے وفد سے ملاقات کررہے تھے۔ یہ اطلاع دیتے ہوئے ریاستی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ جناب یادو نے گنا کسانوں کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور انہیں یقین دلایا کہ ریاستی حکومت ان کے ازالے کے لئے پوری طرح حساس او ر سنجیدہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ گنا ہماری ریاست کی اہم نقدی فصل ہے ۔ ریاستی حکومت گنے کی پیداوار کو فروغ دینے اور گنا کسانوں کے مسائل کے ازالے کے لئے مسلسل کام کررہی ہے ۔ریاستی حکومت کے لئے گنا کسانوں کا مفاد بالاتر ہے اور وہ از خود اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ ملک اور ریاست کی خوشحالی کے لئے کسانوں کی خوشحالی ضروری ہے ۔ گنا قیمت کی صد فیصد ادائیگی یقینی بنانا ریاستی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے شکر مل مالکوں کو پہلے ہی واضح ہدایت دی گئی تھی کہ گنا کسانوں کو کسی بھی قسم کی دشواری نہ ہو اور کسانوں کی گنا قیمت کی ادائیگی فی الفور کی جائے ۔ مسٹر یادو نے یہ بھی واضح کردیا تھا کہ گنا قیمت کی ادائیگی نہ ہونے پر شکر ملوں کے خلاف ریاستی حکومت سخت سے سخت کارروائی کرے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیراعلی کی ہدایتوں کے سلسلے میں ۱۳ شکر ملوں کے خلاف ۶۲ ء ۱۴۴۸۵۲ لاکھ روپئے کا وصولی سرٹیفیکیٹ جاری کردیا گیا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ ضلع مظفر نگر کے تروینی گروپ کے خلاف ۱۹ ء ۱۳۴۰۸لاکھ ، میرٹھ کے موانا گرو
پ کے خلاف ۹۱ ء ۱۵۲۲۰لاکھ ، ضلع باغپت کے مودی گروپ کے خلاف ۸۰ ء ۲۸۸۰۹لاکھ اور ضلع سہارنپور کے اتم گروپ کے خلاف ۸۷ ء ۶۴۸۱لاکھ روپئے کا وصولی سرٹیفیکیٹ جاری کیا گیا ہے ۔ بجاج گروپ کی ضلع لکھیم پور کھیری اور مظفرنگر کی شکر ملوں کے خلاف باالترتیب ۹۸ء ۱۵۵۹۹؍لاکھ اور ۴۷ء ۲۳۴۸۱لاکھ روپئے کا وصولی سرٹیفیکیٹ جاری کیا گیا ہے ۔اسی سلسلے میں ضلع ہاپوڑ کے سمبھاولی گروپ کے خلاف ۹۹ء ۸۳۹۹لاکھ، ضلع بجنور کے ویو گروپ کے خلاف ۰۶ء ۴۰۶۹لاکھ، ضلع مظفر نگر کے دھام پور گروپ کے خلاف ۲۸ء ۱۱۰۲۳لاکھ ، ضلع مراد آباد کے رانا گروپ کے خلاف ۳۱ ء ۵۷۵۶لاکھ، ضلع ہردوئی کے سہارا گروپ کے خلاف ۷۲ ء ۲۵۲۷لاکھ، ضلع کاس گنج کے یدو شو گر گروپ کے خلاف ۷۸ ء ۱۷۶۱ لاکھ اور ضلع شاملی کے اون شوگر گروپ کے خلاف ۲۲ ء ۸۳۱۲لاکھ روپئے ، اس طرح کل ۶۲ ء ۱۴۴۸۵۲لاکھ روپئے کا وصولی سرٹیفیکیٹ جاری کیا گیا ہے ۔