ممبئی (بھاشا) امیتابھ بچن اور عامر خان نے ایک پانچ ستارہ ہوٹل میں مشہور اداکار دلیپ کمار کی سوانح عمری کا اجراء کیا۔ اس موقع پر دلیپ کمار کی اہلیہ سائیرہ بانو کے علاوہ بالی ووڈ کی کئی نامور شخصیتیں شامل تھیں۔ کتاب کا نام ’سبسٹنس اینڈ شیڈو ‘ ہے۔ اور اس کے مصنف دلیپ کمار کے قریبی اور گھریلو دوست اودئے تارہ نائر ہیں۔ اس کتاب کے ذریعے دلیپ کمار کی زندگی کی کہانی سلسلے وار طریقہ سے پیش کی گئی ہے۔ اس میں ان کے بچپن ، کیرئیر ، زندگی کے اتار چڑھائو اور خاندان کے ساتھ ساتھ اور بھی کافی کچھ ہے۔ سائرہ بانو نے صحافیوں کو بتایا یہ شام خاص ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ہر کوئی انکی زندگی پسند کرے گا۔ مجھے آج بہت اچھا لگ رہا ہے۔ میرے لئے یہ ایک خواب کے سچ ہونے جیسا ہے۔ ہر کوئی ان کے بچپن اوربڑے ہونے کے دور کی کہانی جان سکے گا۔ یہ باتیں آپ خود ان کی زبانی سنیں گے۔ پہلی بار انہوں
نے اس بارے میں بات کی ہے۔ اس موقع پر عامر خان نے پرسون جوشی کی تحریر کردہ نظم پڑھی اور کئی اداکاروں نے اسٹیج پر آکر عظیم فنکار دلیپ کمار کے بارے میں اپنے تجربات پیش کئے۔
عامر نے کہا کہ یہ ایک بڑا دن ہے اور میں یوسف صاحب (دلیپ کمار) کا ایک بڑا مداح ہوں ۔یہ ایک یادگار دن ہے میرے پورے کیرئیر کے دوران وہ میری حوصلہ افزائی کا سبب رہے میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے میں جب بھی ان کا کام دیکھتا ہوں مجھے لگتا ہے کہ ہر بار میں ان میں کچھ نیا تلاش کررہا ہوں۔ میں یہاں موجود ہوکر بہت پرجوش ہوں۔ انہوںنے کہا کہ میں اس کتاب کو پڑھنے کا انتظار کررہا ہوں جس کی مدد سے ہم انکی زندگی اور تجربات کے بارے میں جان سکیں گے۔ یہ میرے لئے کچھ سیکھنے کا موقع ہوگا۔ اس تقریب کی میزبانی فلمساز کرن جوہر نے کی اور اس میں جیتندر ، وجینتی مالا ، زینت امان ، ڈینی ،جاوید اختر ،سلیم خان ، استاد امجد علی خاں ، دھرمیندر ،مادھوری دکشت ، پرینکا چوپڑا ، سبھاش گھئی ، راجیو ہیرانی ، سنجے لیلا بھنسالی ،رتیش دیش مکھ اور کرن رائو سمیت بالی ووڈ کی کئی شخصیتیں موجود تھیں۔ مشہور اداکار جیتندر نے کہا کہ وہ دلیپ کمار کے بڑے مداح ہیں اور کتاب کے اجراء کے موقع پر موجود رہ کر میں فخر محسوس کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میںنے انہیں صرف دیکھ کر بہت کچھ سیکھا ہے۔ علی خان نے کہا کہ یہاں موجود ہونا اعزاز کی بات ہے وہ ایک عظیم شخیصت ہیں۔ انہیں موسیقی سے محبت ہے اور ہم سبھی کیلئے یہاں موجود ہونا ایک بڑا موقع ہے۔ میں ان کی طویل عمر کی تمنا کرتا ہوں۔ ہمیں واقعی ان پر فخر ہے۔ اس موقع پر مادھوری نے کہا وہ ایک عظیم فنکار ہیں اور میں ان پر لکھی گئی کتاب پڑھنے کا انتظار کررہی ہوں۔وہ صرف اداکاروں کیلئے نہیں بلکہ سبھی کیلئے حوصلہ افزائی کا سبب رہے ہیں۔ایک اداکار کے طور پر میں معلوم کرنا چاہوں گی کہ وہ اپنے کردار وں کے لئے کیسا رخ اختیار کرتے تھے۔ اور ان کرداروں کو ادا کرتے ہوئے انہیں کیسا لگتا تھا؟ مشہور اداکار کی پیدائش محمد یوسف خان کے طور پر ہوئی تھی لیکن انہوںنے فلموں کیلئے اپنا نام دلیپ کمار رکھ لیا تھا۔ چھ دہائی کے طویل کیرئیر میں انہوںنے مدھومتی ، دیوداس ،مغل اعظم ، گنگا جمنا ، رام اور شیام اور کرما سمیت کئی ہٹ فلمیں دیں۔ انداز ، بابل ،میلہ ،دیدار اور جوگن سمیت کئی فلموں میں بے چارے عاشق کا کردار ادا کرنے والے دلیپ کمار کو شہنشاہ جذبات (ٹریجڈی کنگ) کا خطاب دیا گیا تھا۔ دلیپ کمار اس سے قبل ۱۹۹۸ء فلم قلعہ میں نظرآئے تھے۔ انہیں ۱۹۹۱ء میں پدم بھوشن اور ۱۹۹۴ء میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازہ گیا۔