دمشق: مشرقی شام میں عراقی سرحد کے قریب واقع اسلحہ بازار میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 30 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
شام کے ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کو مایا دین میں دہشت گردوں کی اسلحہ مارکیٹ میں زوردار دھماکا ہوا جس سے 30 دہشت گرد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
عراق کی سرحد سے محض 80 کلو میٹر فاصلے پر واقع یہ علاقہ القاعدہ سے منسلک شامی گروپ النصرہ فرنٹ سمیت دیگر باغی گروپوں کے قبضے میں ہے اور یہاں سے عراق میں آئی ایس آئی ایل کے شدت پسندوں کی مدد بھی کر رہے ہیں جو اس وقت عراق کے کئی شہروں اور علاقوں پر قبضہ کر چکے ہیں۔
تاہم باغیوں کے ترجمان نے اے ایف پی سے گفتگو میں ٹیلی ویژن رپورٹ کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک شہر کی عام سی مارکیٹ میں ہونے والا کار بم دھماکا تھا جسے آئی ایس آئی ایل نے نصب کیا تھا اور اس میں کم از کم 15 شہری ہلاک ہو گئے۔
ترجمان عمر ابو لیلہ نے کہا کہ قریبی علاقے میں ہلکے بھاری ہتھیاروں کی خرید و فروخت کی جاتی ہے لیکن جس علاقے کو نشانہ بنایا گیا وہ ایک مارکیٹ تھی اور اس میں مرنے والے عام شہری ہیں۔