برلن، 6 نومبر: جرمنی کی راجدھانی برلن میں برطانوی سفارتخانہ میں خفیہ طور پر جاسوسی کی میڈیا رپورٹوں کے پیش نظر جرمنی کی حکومت نے برطانیہ کے سفیر سے پورے معاملے میں وضاحت طلب کی ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ کے سابق خفیہ ایجنٹ ایڈورڈ اسنوڈن کی لیک رپورٹ کی برطانوی سفارتخانہ میں الیکٹرانک آلات سے جاسوسی کی جا رہی ہے جس کو ایک اخبار نے شائع کردیا تھا۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جرمن حکومت نے اخبار “دی انڈپنڈنٹ” میں شائع شدہ اس رپورٹ پر سنجیدگی سے کارروائی کرتے ہوئے برطانوی سفیر کو وزارت خارجہ کے دفتر میں حاضر ہوکر تفصیلات سے آگاہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔
بیان کے مطابق “یوروپی امور کے ڈائریکٹر نے میڈیا میں حالیہ شائع شدہ ان رپورٹوں کے پیش نظر برطانوی سفیر سے وضاحت طلب کی ہے اور یہ بھی کہا ہیکہ کسی بھی سفارتی مشن کی جاسوسی کرنا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہوگی۔
دریں اثنا برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے ترجمان نے اس معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ہم خفیہ اطلاعات سے متعلق سوالوں پر رائے زنی نہیں کرتے۔