واشنگٹن، 18 جون (رائٹر) امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ عراق کے بحران کے حل کیلئے ان کا ملک ایران کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کرنے کی کوشش کررہا ہے۔امریکی نائب وزیر خارجہ بل برنس نے کل نیوکلیائی پروگرام پر چھ بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ منعقدہ میٹنگ سے الگ عراق کے بحران کا حل تلاش کرنے کیلئے ایرانی حکام سے ملاقات کی تھی۔امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان جین پساکی نے کہا ہے کہ “ہم لوگ لگاتار ایرانی حکام کے رابطے میں ہیں۔ عراق میں بھڑکنے والے پرتشدد واقعات کو روکنے میں اس کے پڑوسی ملک ایران کا اہم رول ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عراق کے معاملے پر اس بار ایران کے نچلی سطح کے حکام کے ساتھ بات چیت ہوگی اور یہ بات چیت ویانا میں ہونے کی امید نہیں ہے۔ خیال رہے کہ عراق کے سنی انتہا پسندوں نے گزشتہ ہفتہ فوجیوں کے سامنے سخت چیلنج پیش کرتے ہوئے یہاں کے شمالی علاقہ پر قبضہ کرلیا تھا۔