لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی نے آج کہاکہ سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ اور ملائم سنگھ یادو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج سال ۱۵-۲۰۱۴ء کے ریاست کے بجٹ کا ۷۵ فیصدی گاؤں اور غریبوں اور کسانوں کی بہبودی اسکیموں کی مد میں دے کر ایک انقلابی کام کیا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے ترجمان راجندر چودھری نے کہا کہ یہ بجٹ ایک عام بجٹ نہ ہوکر سماج کے ہر طبقہ کیلئے نئی امید لیکر آیا ہے۔ گزشتہ بجٹ کے مقابلے اس برس ۲۲ فیصدی زیادہ بجٹ رکھا گیا ہے۔ مسٹر چودھری نے کہا کہ سابقہ حکومت کی خراب پالیسیوں کے سبب ریاست کی ترقی بری طرح سے متاثر ہوئی ہے۔ سماج وادی پارٹی حکومت نے کاشکاری شعبہ کی مضبوطی کیلئے کاشتکاری کی پالیسی ۲۰۱۳ ء کا اثر دار شروعات کرتے ہوئے پیداوار میں اضافہ کیلئے ضروری انتظامات کئے ہیں۔ کاشتکار کے علاوہ ڈیری ، مویشی پروری اور ماہی پروری کے کاروبار کو فروغ دینے کی اسکیم بنائی ہے۔
سماج وادی پارٹی ترجمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی جانب سے پیش کئے گئے بجٹ میں طلباء و طالبات کیلئے ای لائبریری اور ای بک کی فراہمی کالجوں میں شروعاتی بجٹ کاانتظام کیا ہے۔ تعلیم ، صحت و سیاحت کے شعبہ میں بجٹ میں کئی نئے انتظامات کئے گئے ہیںجس سے بڑی تعداد میں لوگ فیضاب ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے اپنے بجٹ میں اس شخص کو مرکز میں رکھا ہے جس کی آنکھوں میں بہتر کل کا خواب پل رہاہے۔ اپنے کاموںکے گزشتہ دو برسوں میں انہوں نے عوامی کاموں میں تیز رفتاری کے ساتھ ریاست کو ترقی پر گامزن کرنے کی پُر زور کوشش کی ہے جس کے نتیجہ میں ریاست کی مالی ترقی ۲ء۵ فیصد بڑھی ہے اور ریاست میں خوشحالی کا ماحول پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام اپوزیشن پارٹیوں کو جو اترپردیش میں ہو رہے ترقیاتی کاموں سے ناراض ہوئے ہیں وزیراعلیٰ کی جانب سے ۱۵-۲۰۱۴ء کے بجٹ سے ان لوگوں کو آنکھیں کھو لنی چاہئیں ۔ اس درمیان جنتا دل یونائٹیڈ کے ریاستی صدر سریش نرنجن بھیا نے ریاستی حکومت کے بجٹ کو مایوس کن بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کسانو ں، طلباء اور نوجوانوں کیلئے کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے بجٹ میں کسانوں اور بندیل کھنڈ جیسے پچھڑے علاقوںکیلئے الگ سے انتظام ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اپنے پہلے بجٹ میں عوام کو راغب کرنے والی اسکیموں کیلئے کافی بجٹ رکھا تھا۔ اس سے لگتا ہے کہ حکومت ان اسکیموں کو ووٹ بینک کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہے۔