لکھنؤ(نامہ نگار)عراق میں مقامات مقدسہ اور بے گناہ شہریوں کی سلامتی کے سلسلہ میں جمعہ کی نماز کے بعد آصفی امامباڑہ میںمظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین دہشت گردی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے وہاں پھنسے ہندوستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کا مطالبہ کر رہے تھے۔امام باڑے سے نعرے بازی کرتے ہوئے مظاہرین امام باڑے کے گیٹ کے سامنے پہنچے جہاں ماتم کرتے ہوئے احتجاج کیا۔
مولانا امیر حیدر مولانا رضا حسین سمیت دیگر علماء کی قیادت میں ہوئے مظاہرہ میں بڑی تعداد میں نمازی شامل ہوئے۔ مظاہرہ کو خطاب کرتے ہوئے مولانا امیر حیدر نے کہا کہ عراق میں دہشت گرد بے گناہ اورمعصوم لوگوںکو اپنا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان دہشت گردوں کامقصد مقامات مقدسہ کی بے حرمتی کرنا ہے جو برداشت نہیں کی جائے گی۔ مولانا رضا حسین نے کہا کہ عراق میں انسانیت کیلئے شہید ہونے والے حضرت امام حسین کا روضہ ہے جو نہ صرف شیعہ بلکہ مسلمانوں کے دوسرے فرقوں اور دیگر مذاہب کے لوگوں کیلئے بھی قابل احترام ہے۔ علماء نے مرکزی حکومت سے عراق معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے وہاںکے مقامات مقدسہ اور بے گناہ شہریوں کی حفاظت اور وہاںپھنسے ہندوستانیوںکی بحفاظت واپسی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرہ میں کثیر تعداد میں پردہ نشین خواتین بھی شامل تھیں۔
جمعہ کی رات تحسین گنج واقع امام باڑہ وقف سجادیہ میں عراق میں دہشت گردی کے خلاف خصوصی دعا کی گئی ۔بعد نماز عشاء مولاناسید امیر حیدر نے دعا کرائی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کر کے عراق میں مقامات مقدسہ اوربے گناہ شہریوں کی حفاظت کیلئے دعا کی۔