نئی دہلی، 21 جون (یو این آئی) ملک میں جاری مہنگائی اور بے روزگاری حکومت کے لئے سب سے بڑے چیلنج ہیں، جن کے خاتمے کے لئے مرکزی حکومت ٹھوس اقدامات کرنے جارہی ہے۔ اس کا اثر عنقریب نظر آنا شروع ہوجائے گا۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جیپی) کے قومی نائب صدر مختار عباس نقوی نییہاں یو این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت سابقہ حکومت کی ناکامیوں کے نقوش کو مٹاتے ہوئے اپنی کامیابی کے قدم آگے بڑھا رہی ہے، جس کی دھمک صاف محسوس کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومت نے اقتصادی پریشانی ، بے روزگاری اور مہنگائی کی صورت میں ملک کیلئے انتہائی بدحال وراثت چھوڑی ہے مگر مودی حکومت وراثت پر سیاست کرنے کے بجائے اپنی ٹھوس پالیسیوں کے ذریعہ ہندستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کی طرف اپنے قدم بڑھا رہی ہے کیونکہ لوک سبھا کے حالیہ انتخابات میں عوام نے اپنی تائید سے نئی حکومت کو یہ ذمہ داری سونپی ہے اور عوام کی اس خواہش کو پوری کرنے کے لئے حکومت اپنی بھر پور کوشش کررہی ہے۔
مسٹر نقوی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی حلف برداری کی تقریب میں جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون سے متعلق تنظیم (سارک) ممالک کے سربراہوں خاص طور پر پڑوسی ملک پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کو شامل کرکے اپنی خارجہ پالیسی کو ایک نئی جہت دینے کے ساتھ ساتھ پڑوسی ملکوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات اور مل کر چلنے کا ایک خوش آئند پیغام دیا ہے۔عراق کی صورتحال کے بارے میں تبصرہ کرتیہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں سنگین صورتحال ہے۔ عراق میں جاری دہشت گردانہ سرگرمیاں نہ صرف ہندستان بلکہ پوری دنیا کے لئے خطرناک ہیں۔ اس پر ہندستان کی گہری نظر ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کے اضافہ کے ممکنہ اندیشوں سے ملک کے سامنے ایک نیا چیلنج آسکتا ہے۔ لیکن ان کی حکومت اپنی بہترین خارجہ پالیسیوں کے ذریعہ اس پر قابو پانے کی کوشش کرے گی جیسا کہ اس نے اٹل بہاری واجپئی حکومت کے دوران نیوکلیائی تجربے کرنے پر بین الاقوامی پابندیوں کا بخوبی مقابلہ کیا تھا۔بی جے پی میں تنظیمی سطح پر ردوبدل کے بارے میں مسٹر نقوی نیکہا کہ مہاراشٹر ،جھارکھنڈ،ہریانہ اور کشمیر کی ریاستی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں سے صلاح مشورہ کرکے تنظیمی سطح پر ردوبدل کیا جائے گا تاکہ مذکورہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی خاطر خواہ کامیابی حاصل کرسکے۔ خواتین بل سے متعلق سوال کے جواب میں مسٹر نقوی نے کہا کہ ان کی پارٹی خواتین بل کے حق میں پابند عہد ہے۔