دبئی ۔ ؛امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے عراقی وزیر اعظم نوری المالکی سے بغداد میں مذاکرات کئے ہیں۔دو ہفتے قبل عراق کے مختلف شہروں میں داعش کے انتہا پسند جنگجووں کے تابڑ توڑ حملوں کے بعد جان کیری کا یہ پہلا دورہ بغداد ہے۔ ان حملوں میں جنگجووں نے عراق کے شمال اور مغرب میں وسیع علاقے کو اپنے زیر نگیں کیا ہے۔
جان کیری عراقی دارلحکومت بغداد آنے سے پہلے قاہرہ اور اردن گئے، جہاں انہوں نے عراقی بحران سے متعلق ان ملکوں کی قیادت کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے بحران سے نکلنے کی خاطر عراق میں وسیع تر قومی مفاہمت پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ توقع ہے کہ بغداد میں قیام کے دوران امریکی عہدیدار عراق کے دیگر زعماء سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ادھر امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جان کیری عراق کی امداد کے سلسلے میں امریکی اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ ان دنوں انتہائی خطرناک صورتحال سے دوچار عراق کی دیگر قیادت کو ایسی حکومت کی تشکیل پر راضی کرنے کی کوشش کریں گے، جو تمام عراقیوں کے مفادات کا یکساں طور پر تحفظ کر سکے۔
یاد رہے کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اتوار کے روز مشرق وسطی کے نئے دورے کا آغاز کیا تھا جس میں انہوں نے علاقے کے علاوہ یورپی ممالک میں عراقی بحران کے حل پر تبادلہ خیال کیا تھا۔