ہاپوڑ : ضلع میں بدمعاشوں کے حوصلے اتنے بلند ہوگئے ہیں کہ وہ پولیس افسران ،تھانہ پولیس چوکی کے قریب وارداتوں کوانجام دینے سے بھی گریز نہیں کررہے ہیں ۔ گزشتہ شب تھانہ بابوگڑھ کی چیسر سڑک پر واقع پولیس چوکی سے چند قدم کے فاصلہ پر واقع ٹرانسپورٹ کاروباری کے گھر میں نصف درجن سے زائد بدمعاشوں نے ڈاکہ کی واردات کو انجام دیا۔ بدمعاشوں نے کاروباری اور اس کے اہل خانہ پر حملہ کرکے انہیں شدید طور سے زخمی کردیا۔ ڈاکہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے زخمیوں کو علاج کے لئے پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا۔ نقاب پوش بدمعاشوں نے چھت پر سورہے کاروباری اور ان کے اہل خانہ کو لوہے کی راڈ مارکر زخمی کردیا۔ بدمعاش سونے چاندی کے زیورات اور نقد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ایس پی مہیندر پال سنگھ نے بتایا کہ واردات کے سلسلہ میں دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس ملزمین سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔ دونوں ملزمین کے قبضہ سے چوری کا سامان بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی واردات کا انکشاف کردیا جائے گا۔ ملزمین کے خلاف کاروباری نے مقدمہ درج کرادیا ہے۔