کانپور : اکبرپور پارلیمانی نشست سے بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ ارون تیواری کی فیکٹری میں گارڈ کی مشتبہ حالات میں موت ہوگئی۔ گارڈ کے اہل خانہ نے قتل کا الزام عائد کیا ہے۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق دادانگر صنعتی علاقہ میں واقع پنکی سائڈ نمبر ۳میں بی جے پی لیڈر ارون تیواری کی ارون لیمینیٹر کے نام سے فیکٹری ہے۔ فیکٹری میں ۴۸سالہ رام کمار دیویدی گارڈ کے طور پر تعینات تھا۔ گزشتہ شب رام کمار فیکٹری میں موجود تھا۔لیکن صبح فیکٹری میں وہ مردہ حالت میں ملا۔رام کمار کے اہل خانہ نے قتل کا امکان ظاہرکیا ہے کیونکہ فیکٹری بند تھی اور وہ فیکٹری میں تنہا تھا۔رام کمار کی لاش کے اوپر پنکھا پڑاہواتھا اور اس کے گلے پر زخم کا نشان بھی تھا۔ بی جے پی لیڈر ارون تیواری صحافیوں سے اس معاملے میں گفتگو کرنے کے لئے تیار نہیں ہوئے۔متوفی کے بیٹے نے اپنے والد کو قتل کئے جانے کا الزام عائد کیا ہے۔ ایس او نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے اور اہل خانہ کے الزام کی بنیاد پر معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔