بہرائچ ، 6 نومبر: اترپردیش کے اودھ خطے میں اپنی کھوئی ہوئی “مملکت” دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش میں بی جے پی یہاں 8 نومبر کو نریندر مودی کی ایک ریلی منعقد کررہی ہے۔
پسماندہ طبقات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلی کی جگہ کا نام راجہ سہیل دیو رکھا گیا ہے۔ پارٹی کو امید ہے کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل یو پی میں کانپور اور جھانسی کے بعد نو ریلیوں کی کڑی کے تحت نریندر مودی کی اس تیسری ریلی میں بڑی تعداد میں لوگ شرکت کریں گے۔
پٹنہ میں 27 اکتوبر کو مودی کی ریلی میں ہوئے بم دھماکہ اور ریلی کی جگہ کے ہند۔ نیپال سرحد کے قریب ہونے کے سبب منتظمین سیکورٹی کے زبردست انتظام کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ اس خطے میں اقلیتوں کی بڑی آبادی رہتی ہے۔
امید ہے کہ مسٹر مودی کے علاوہ بی جے پی کے قومی صدر راج ناتھ سنگھ اور مقامی رہنما یوگی ادیتیہ ناتھ بھی ریلی سے خطاب کریں گے۔
بی جے پی کے ترجمان وجے بہادر پاٹھک نے بتایا کہ ریلی کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں او رپارٹی کے سینئر لیڈران بہرائچ پہنچنے لگے ہیں۔
مسٹر پاٹھک نے بتایا کہ یو پی بی جے پی کے صدر لکشمی کانت واجپئی یوپی میں پارٹی کے انچارج امت شاہ کے ساتھ آج یہاں پہنچ رہے ہیں جب کہ سینئررہنما اوراودھ خطہ کے انچارج شیوپرتاپ شکلا پہلے سے ہی خیمہ زن ہیں۔
دریں اثنا گجرات سے سیکورٹی اہل کاروں نے ریلی کی جگہ کا چارج اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔گجرات سے ڈی ایس پی رینک کا ایک افسر گزشتہ کئی دنوں سے یہاں موجود ہے جب کہ آئی جی اور ڈی آئی جی سطح کے افسران آج یہاں پہنچنے والے ہیں۔
پٹنہ کے سلسلہ وار بم دھماکوں کے بعد سیکورٹی فورسز کسی طرح کا موقع دینا نہیں چاہتیں اورریلی کے دوران سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے جائیں گے۔
ایک افسر نے کہا کہ کسی بھی شخص کو چیکنگ کے بغیر ریلی کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اودھ بی جے پی کے لئے بہت مقبول علاقہ رہا ہے ۔نانا جی دیش مکھ نے آر ایس ایس کو فروغ دینے کے لئے یہیں سے اپنی مہم کا آغاز کیا تھا۔
اس خطے میں 16 لوک سبھا حلقے اور 82 اسمبلی حلقے ہیں۔ بی جے پی ماضی میں صرف امبیڈکر نگر حلقہ کو چھوڑ کر بقیہ تمام پندرہ سیٹیں جیت چکی ہے لیکن 2009 کے انتخابات میں اودھ خطے کے تمام 16 حلقوں میں سے بی جے پی صرف ایک یعنی لکھنئو پر ہی کامیاب ہوسکی تھی۔
2012 کے اسمبلی الیکش میں 82 میں سے صرف 10 سیٹوں پر بی جے پی کو کامیابی حاصل ہوسکی تھی۔ پارٹی کا خیال ہے کہ مودی کی یہ ریلی اس کے لئے نیک شگون ثابت ہوگی۔