نئی دہلی، 28 جون (یو این آئی) شمالی دہلی کے اندر لوک علاقے میں آج صبح ایک چار منزلہ عمارت منہدم ہوجانے سے کم از کم سات افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد کے ملبے میں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ کئی لوگوں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے تاہم اب بھی متعدد افراد کے ملبے میں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ پولیس اور انتظامی حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں اور بچاؤ اور راحت کاموں کی نگرانی کررہے ہیں۔شمال دہلی میونسپل کارپوریشن کے ترجمان یوگیندر سنگھ مان نے بتایا کہ یہ حادثہ آج صبح ہوا۔ عمارت کے پاس خالی پڑے پلاٹ میں ایک نئی عمارت کی تعمیر کے لئے بنیاد کی کھدائی ہورہی تھی ۔ غالباً مٹی کھسکنے کی وجہ سییہ عمارت گر گئی۔انہوں نے کہا کہ ملبے سے نو لوگوں کو نکالا گیا تھا جس میں سات کی موت ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی انکوائری کا حکم ابھی نہیں دیا گیا ہے فی الحال ساری توجہ بچاو اور راحت کاموں پر مرکوز ہے۔پولیس کے مطابق مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے تین بچے اور ایک خاتون شامل ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق تلسی نگر میں واقع یہ عمارت 50 برس پرانی تھی اور اس میں کئی خاندان رہتے تھے۔جائے حادثہ پر فائر ٹنڈر اور 20 ایمبولینس موجود
ہیں۔