ممبئی: بالی وڈ کی خاتون اداکارہ مادھوری ڈکشت نے کہا ہے کہ خواتین کی حالت کو بہتر بنا کر ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ ریاست مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے بچوں کے حقوق کے حوالے سے شروع کی گئی مہم ‘مامتا ابھیان’ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر 47 سالہ خاتون اداکارہ نے کہا کہ خواتین کی تعلیم ان کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے نہایت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے نہ صرف خواتین ترقی کریں گی بلکہ بچیوں کی کم عمری میں شادی کو روکنے میں بھی مدد ملے گی۔ یہ مہم اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کے اشتراک سے چلائی جا رہی ہے، جس کا مقصد ریاست مدھیہ پردیش میں نوزائیدہ بچوں اور اور ان کی ماوں کی زندگیاں بچانے کے ساتھ ساتھ انھیں صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس مہم میں خواتین کو معاشرے میں محبت، تحفظ اور عزت دلوانے کے حوالے سے بھی کام کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مادھوری ڈکشت اس مہم کے لیے مدھیہ پردیش کی حکومت کی برانڈ ایمبسڈر کے طور پر کام کر رہی ہیں۔