سری ہری کوٹہ، 30 جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پڑوسی ملکوں کے لئے سوغات کے طورپر الگ سے سٹیلائٹ سسٹم تیار کرنے کی اپیل کی ہے ۔ مسٹر نریندر مودی نے سری ہری کوٹہ میں آج قطبی سٹیلائٹ لانچنگ شٹل پی ایس ایل وی سی 23 کی کامیاب لانچنگ کے بعد سائنسدانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ملک کے خلائی مشن کی پہچان قومی مشن کے طورپر ہی قائم رہنی چاہئے، لیکن سب کو ساتھ لے کر چلنے کی ہندوستان کی پالیسی کے تحت جنوبی ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون (سارک) کے رکن ممالک کے لئے ہندوستان کو الگ سے ایک سارک سٹیلائٹ تیار کرنا چاہئے جو ہندوستان کی طرف سے پڑوسی ملکوں کے لئے ایک تحفہ ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سارک ممالک غربت اور ناخواندگی کاسامنا کررہے ہیں۔ سائنس کے میدان میں انہیں کافی آگے آنے کی ضرورت ہے، ایسے میں ان ملکوں کے نوجوانوں کو با اختیار بنانا ضروری ہے۔ یہ ان کے ساتھ ہی ہما رے لئے بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارک سٹیلائٹ سسٹم کی خدمات ایسی ہونی چاہئیں کہ جس کا فائدہ تمام سات رکن ملکوں کو مساوی طورپر مل سکے۔ اس لئے میں اپنے سائنسدانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس طرح کا ایک سٹیلائٹ بناکر اسے لانچ کریں اور اس کے ذریعہ پڑوسی ملکوں کو یہ بتانے کی کوشش کریں کہ ہندوستان انہیں کتنی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے اس موقع پر سائنسدانوں سے ملک کے خلائی پروگرام کو پوری لگن کے ساتھ مزید بہتر اور جدید بنانے کی بھی درخواست کی۔ ۔
پی ایس ایل وی سی۔23 نے 20 منٹ کے مقررہ وقت میں اپنے چارمرحلوں کا 655 کلو میٹر کا سفر مکمل کیا۔ اپنی روانگی کے ساتھ ہی اس خلائی گاڑی نے پہلے مرحلے میں فرانس کے سٹیلائٹ کو مدار میں نصب کیا اور اس کے بعد یکے بعد دیگر دوسرے چار سٹیلائٹوں کو بھی مدار میں نصب کیا
۔خلائی گاڑی کے چاروں مرحلے کامیاب ہوتے ہی خلائی سینٹر کا آپریشن کنٹرول روم تالیوں کی گڑگڑاہٹ سے گونج اٹھا ۔ وزیراعظم نے ہاتھ ملاکر سائنسدانوں کومبارک بادپیش کی اور مستقبل کی مہموں کے لئے بھی کامیابی کی آرزو کی۔