حیدر آباد دکن: اداکارہ ودیا بالن جو کہ ان دنوں اپنی نئی فلم ”بوبی جاسوس” کی پروموشن میں مصروف ہیں۔ انھیں گزشتہ روز اپنی فلم کی تشہیری مہم کے سلسلہ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے شہر گجرات میں وزیر اعظم کے ہی حلیے میں مختلف ٹی اسٹال کا دورہ کرنا اس وقت مہنگا پڑ گیا جب اطلاع ملی کہ گجرات کے عوام اداکارہ کیخلاف سخت غصے میں ہیں اور احتجاج کرنے والے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اپنی نئی فلم ”بوبی جاسوس” کی تشہیری مہم کے دوران ودیا بالن گزشتہ روز وزیر اعظم نریندر مودی کے شہر گجرات میں تھیں۔ جہاں انھوں نے نریندر مودی کے حلیے میں ایک ٹی اسٹال کا دورہ کرنا تھا مگر سننے میں آیا ہے کہ آخری وقت میں اس دورے کو ختم کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق اداکارہ ودیا بالن گجرات کے علاقہ ودودرا کے کئی ٹی اسٹال کا دورہ کرنے والی تھیں لیکن عوام کی طرف سے اداکارہ کے خلاف احتجاج کی اطلاع ملنے پر ودیا کو یہ دورہ ترک کرنا پڑا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اداکارہ ودیا بالن اپنی ٹیم کے ہمراہ علاقے کا دورہ کرنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرح کا نظر آنے کے لیے ان جیسا لباس پہنے تیار ہو رہی تھی کہ اس دوران گجرات کے ودودرا علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور حکام نے اس علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے لیا جہاں پر ودیا بالن نریندر مودی کے روپ میں مختلف ٹی اسٹال کا دورہ کرنے والی تھیں۔ اس صورتحال پر جب فلم کی ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ”ہاں: ودودرا کے علاقہ میں بہت بڑا ہنگامہ ہونے والا تھا اور ہمارے پاس اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا کہ ہم ودیا بالن کے ٹی اسٹالوں پر دورے کو منسوخ کر دیتے”۔