لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی کی رکنیت مہم آج سے پوری ریاست میں شروع ہو گئی۔ یہ مہم تیس اگست تک چلے گی۔ر کنیت مہم کے پہلے دن آج سماجوادی پارٹی کے مرکزی صدر ملائم سنگھ یادو اور ریاستی صدر و وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی رکنیت کی جدید کاری کی گئی۔ اس موقع پر ریاستی سکریٹری ایس آر ایس یادو بھی موجود تھے۔ ایس پی کے ریاستی ترجمان راجندر چودھری نے بتایاکہ سبھی اضلاع میں یہ رکنیت مہم شروع ہو گئی اور کثیر تعداد میں لوگ سماج وادی پارٹی کی رکنیت حاصل کر رہے ہیں۔پارٹی ہیڈکوارٹر میں آج ممبر بننے والوں کی بھیڑ لگی رہی۔ انہوں نے بتایا کہ سماج وادی پارٹی کے ضابطہ کے مطابق ۱۸ برس یا اس سے زیادہ عمر کا کوئی شخص سماج وادی پارٹی کا ممبر سہ ماہی فیس دے کر بن سکتا ہے۔ کم سے کم پچاس ابتدائی رکن بناکر ۵۰۰ روپئے جمع کرنے والا ابتدائی ممبر سرگرم رکن ہو سکتا ہے۔ رکنیت کی مدت تین برس ہوگی جو یکم جولائی سے شروع ہوکر تیسرے سال کی تیس جون کو ختم ہوگی۔ اس سلسلہ میں سال ۲۰۱۱ء میں بنے ممبران کو بھی اب اپنی رکنیت کی جدید کاری کرانی ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی نئے ممبر بنانے کا پروگرام بھی جاری رہے گا۔ مسٹر چودھری نے بتایا کہ سماج وادی پارٹی کی رکنیت مہم اس بار دو مہینے تک ہی چلے گی جبکہ پہلے یہ تین مہینے تک چلتی تھی۔ اب آج یکم جولائی سے شروع مہم تیس اگست تک جاری رہے گی۔ اس مدت میں ۷۵ لاکھ ابتدائی رکن اور ڈیڑھ ہزار سرگرم رکن بنیں گے۔ اس مرتبہ ہر ایک اسمبلی علاقہ میں کم از کم ۳۰۰ سرگرم رکن بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ہر ایک پولنگ بوتھ سے کم سے کم ایک سرگرم رکن لازمی طور پر بنایا جائے گا۔ سماج وادی پارٹی کے ریاستی صدر اکھلیش یادو نے پارٹی کارکنوں کوگاؤں اور محلوں میں
رابطہ کر کے ابتدائی رکن بنانے کیلئے کہا ہے۔ رکنیت مہم کو علاقائی ممبر اسمبلی، سابق ممبر اسمبلی، اسمبلی امیدوار اور اسمبلی صدر ذمہ داری نبھائیں گے۔ بڑے بڑے گاؤں اور شہر کے محلوںمیں کیمپ لگاکر رکن بنانے کا کام جاری رہے گا۔ بلاک سطح پر پروگرام طے کر کے ہینڈ بل چھپواکر تقسیم کرائیں گے تاکہ اس رکنیت مہم کی تشہیر ہو سکے۔