لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ اپنے مختلف مطالبات کو لیکر منگل کو بھارتیہ کسان یونین (راشٹروادی) کے زیر اہتمام سیکڑوں کسانوں نے میونسپل کارپوریشن کے دفتر پر ایک روزہ دھرنا دیا۔ کسانوںنے آگاہی دی کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہی ہوئے تو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کریں گے۔ طے شدہ پروگرام کے تحت منگل کی صبح سیکڑوں کسان بھارتیہ کسان یونین (راشٹروادی ) کے ضلع صدر سنیل شکلا کی زیر قیادت میونسپل کارپوریشن دفتر پہنچے۔ ناراض کسانوں نے اپنے مطالبات کو لیکر دفتر پر ایک روزہ دھرنا شروع کر دیا۔ کسانوں کے اہم مطالبات میں مڑیاؤں گاؤں کے رام لیلا میدان پر زمین مافیا ستیش چندر مشرا کی طرف سے قبضہ کئے جانے، اس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ، کارپوریشن کے لیکھ پال اور تھانہ کی پولیس سے شکایت کرنے کے باوجود کارروائی نہ ہونے ، کلیان پور علاقہ میں نالی و سڑکوں کی مرمت کرانے، کرسی روڈ پر کھلے بارات گھر میں آئے دن لگنے والے جام کے مسئلہ ، شہر میں کھلے مین ہولوںکو بند کرانے، جانکی پورم کی پرانی سیور لائن کے بدلے جانے سمیت کئی دیگر مطالبات شامل تھے۔ کسانوںکا الزام ہے کہ پولیس اور لیکھ پال مل کرزمین مافیا سرکاری زمینوں پر قبضہ کر رہے ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو رہی ہے۔ دھرنے پر بیٹھے کسانوں نے آگاہی دی کہ مقررہ وقت پر مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو وزیر اعلیٰ
کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کریں گے۔ دھرنے پر ریاستی صدر رام چندر سنگھ، ریاستی جنرل سکریٹری محمد مشیر خان، جنرل سکریٹری رمیش کمار مشرا سمیت سیکڑوں کسان موجود تھے۔